جنگ نیوز یسک
سرینگر/ ایرانی کپ کے افتتاحی روز جموں و کشمیر نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے ریسٹ آف انڈیا کو پہلی اننگز میں 237 رنوں پر سمیٹ دیا۔ جواب میں میزبان ٹیم نے دن کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 21 رن بنائے۔
شیرِ کشمیر اسٹیڈیم میں جمعرات کو کپتان پراس ڈوگرا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا۔ سنیل کمار اور ناصر لون نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عمر نذیر میر نے دو اور ساحل لوٹرا و عابد مشتاق نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ریسٹ آف انڈیا کی جانب سے سمارن روی چندرن نے 68، شکھر موہن نے 60 اور سرفراز خان نے 45 رن بنائے، جبکہ کپتان رشبھ پنت 10 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جواب میں جے اینڈ کے کے اوپنر شبھم سنگھ پنڈیر ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ دن کے اختتام پر قمرن اقبال 12 اور عمر نذیر میر چار رن بنا کر کریز پر موجود تھے۔ میزبان ٹیم کو پہلی اننگز میں برتری حاصل کرنے کے لیے مزید 216 رن درکار ہیں۔
مقابلے کے دوران بی سی سی آئی کے صدر اور سابق کرکٹر متھن منہاس بھی موجود رہے۔ یکم سے 5 اکتوبر تک جاری رہنے والا یہ باوقار ٹورنامنٹ پہلی مرتبہ سرینگر میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں رنجی ٹرافی 2025-26 کی چیمپئن جموں و کشمیر کا مقابلہ ریسٹ آف انڈیا سے ہے۔
پہلے دن کا اسکور: ریسٹ آف انڈیا 237 رن (68.1 اوورز)، جموں و کشمیر 21/1 (7 اوورز)۔


