جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے چیف ترجمان اور رکنِ اسمبلی تنویر صادق نے بخشی اسٹیڈیم سرینگر میں نویں قومی ڈیف مینز ٹی 20 کرکٹ چیمپئن شپ میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرکے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
چیمپئن شپ میں جموں و کشمیر سمیت ملک کی مختلف ریاستوں اور علاقوں کی ٹیموں نے حصہ لیا۔
تنویر صادق نے کھلاڑیوں کے عزم، محنت اور کھیل کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی جدوجہد نوجوان نسل کے لیے ایک مثال ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ منشیات اور غیر صحت مند طرزِ زندگی سے دور رہ کر کھیلوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو محض نصیحتوں کے بجائے کھیل کے میدان اور بنیادی سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے۔ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت کھیلوں کی سرپرستی جاری رکھے گی۔
تنویر صادق نے چیمپئن شپ کے انعقاد پر ایسوسی ایشن آف ڈیف اینڈ ڈمب اور آل جموں و کشمیر اسپورٹس ایسوسی ایشن آف دی ڈیف کو مبارک باد پیش کی۔


