جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر/زڈی بل کے رکن اسمبلی تنویر صادق نے حکومت پر زور دیا ہے کہ صنعت پالیسی کو جلد حتمی شکل دینے کے ساتھ ساتھ زیرِ التوا صحافیوں کی پنشن اسکیم پر بھی فوری پیش رفت کی جائے۔
اسمبلی کارروائی کے دوران تنویر صادق نے صنعتی شعبے کو فروغ دینے کے لئے پالیسی میں تاخیر دور کرنے اور صحافیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق پنشن اسکیم کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے نوجوانوں کے خلاف درج مقدمات واپس لینے، ریزرویشن سے متعلق زیرِ التوا فائل کی موجودہ صورتِ حال واضح کرنے اور اس معاملے پر مناسب کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔
سڑکوں کی کشادگی اور میکڈم بچھانے کے کام کے معیار کو بھی انہوں نے اہم عوامی مسائل قرار دیتے ہوئے حکومت کی توجہ ان کی جانب مبذول کرائی۔
تنویر صادق نے زور دیا کہ عوامی مفاد سے وابستہ تمام زیرِ التوا معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ نوجوانوں، صحافیوں اور عام شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔


