فیضان پنچابی
جنگ نیوز
سری نگر/نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی NIT سری نگر میں راج بھاشا سیل کے زیرِ اہتمام ہندی پکھواڑہ بدھ کو اختتامی تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر مختلف مقابلوں اور ہندی زبان کے امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے فاتحین اور شرکا کو اسناد اور یادگاری تحائف پیش کیے گئے۔
تقریب کی صدارت NIT سری نگر کے ڈائریکٹر پروفیسر انوراگ مشرا نے کی، جبکہ معروف کثیر لسانی مصنف و نشریاتی شخصیت ڈاکٹر ستیش ومل مہمانِ خصوصی تھے۔
پروفیسر انوراگ مشرا نے راج بھاشا سیل کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری امور میں ہندی کے مسلسل استعمال سے ادارے کے انتظامی اور تعلیمی شعبوں کے درمیان رابطہ اور ہم آہنگی بہتر ہوگی۔
ڈاکٹر ستیش ومل نے کہا کہ کشمیر تاریخی طور پر مختلف زبانوں اور تہذیبی روایات کا سنگم رہا ہے، جہاں سنسکرت، فارسی، عربی، اردو اور کشمیری نے خطے کے لسانی ورثے کو مالا مال کیا ہے۔
ڈاکٹر آر پی شکلا نے کہا کہ ہندی پکھواڑہ کے دوران اساتذہ اور عملے کی بھرپور شرکت راج بھاشا کے فروغ کے لئے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
تقریب میں پرانگت امتحان میں توحید حسین، ایم ابرار خان اور رویسا اختر نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پروین امتحان میں فیصل ارشاد گنائی نے پہلی، شاہد حمید نے دوسری اور عادل رسول بٹ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
انتظامی اصطلاحات کے مقابلے میں رنجیت پریاپتی، ایم ابرار خان اور توحید حسین، مضمون نویسی میں توحید حسین، اجے کمار اور شازیہ شفیع جبکہ نوٹنگ و ڈرافٹنگ مقابلے میں زائسر فاروق، توحید حسین اور بصارت بشیر نے بالترتیب پہلی تین پوزیشنیں حاصل کیں۔
اختتامی تقریب میں کامیاب امیدواروں اور شرکا میں اسناد اور یادگاری تحائف تقسیم کیے گئے۔ ڈاکٹر پرمود کمار یادو نے اظہارِ تشکر کے ساتھ پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا۔


