سرینگر جنگ
27 اگست:
محکمہ موسمیات (MET) سینٹر سری نگر نے 27 سے 30 اگست تک جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں عموماً گرم اور مرطوب (حبس والے) موسم کی پیشگوئی کی ہے، جس کے دوران بالخصوص صبح سویرے اور دوپہر کے وقت چند مقامات پر وقفے وقفے سے بارش اور گرجمک کے ساتھ چھینٹے پڑنے کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر میٹ سینٹر سری نگر، ڈاکٹر مختار احمد نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، جبکہ کچھ جگہوں پر ہلکی سے درمیانی بارش اور تھنڈر شاور کے مختصر سلسلے دیکھئے جا سکتے ہیں۔
تفصیلی پیشگوئی:
27 سے 30 اگست: موسم عموماً گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ صبح سویرے اور دوپہر کے اوقات میں چند مقامات پر گرجمک کے ساتھ بارش کے مختصر سلسلے ممکن ہیں۔
31 اگست سے 1 ستمبر: کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور گرجمک کے ساتھ چھینٹے پڑنے کا امکان ہے، جبکہ صبح سویرے اور دوپہر کے وقت کچھ جگہوں پر تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔
2 سے 7 ستمبر: موسم عموماً خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم صبح اور دوپہر کے وقت کچھ مقامات پر ہلکی بارش یا گرجمک کی صورتحال بن سکتی ہے۔
ہدایات و انتباہ:
سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 31 اگست اور 1 ستمبر کے دوران شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی (فلیش فلڈ)، مٹی کے تودے گرنے (مد سلائیڈز) اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔ حساس علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کسانوں کے لیے مشورہ: کسان میٹ سینٹر کی جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق فصلوں کی کٹائی اور دیگر زرعی سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں۔


