جنگ نیوز
سرینگر/ شمالی ریلوے کے چیف ایریا منیجر کپل شرما نے کہا ہے کہ ریلوے نے گزشتہ سال کشمیر سے تقریباً 22 ہزار ٹن سیب سستے نرخوں پر ملک کی مختلف منڈیوں تک پہنچائے، جس سے کاشتکاروں اور تاجروں کو اضافی نقل و حمل کی سہولت میسر آئی۔
سرینگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کپل شرما نے کہا کہ گزشتہ سال سیب کے کاشتکاروں، تاجروں اور دیگر متعلقین کی سہولت کے لئے متعدد اقدامات کیے گئے، جن میں اننت ناگ اور دیگر علاقوں سے سیب کی ترسیل کے لئے مشترکہ پارسل سہولت، ریل اور کارگو خدمات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیب کی نقل و حمل کا معاملہ حالیہ دنوں میں زیادہ تر سڑکوں کی خراب حالت کے تناظر میں زیرِ بحث رہا، جبکہ ریل کے ذریعے فراہم کی جانے والی سہولیات کو نسبتاً کم توجہ ملی۔
کپل شرما نے کہا کہ ریلوے کاشتکاروں اور تاجروں کے مسائل سمجھنے اور ان کے حل کے لئے متعلقین کے ساتھ رابطہ جاری رکھے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ سیب کی پیداوار کے عروج کے موسم میں فصل کی بروقت اور بلاتعطل ترسیل کے لئے سڑک اور ریل، دونوں ذرائع اہم ہیں۔


