جنگ نیوز
جموں و کشمیر میں شدید بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے باعث دو افراد جاں بحق جبکہ فصلوں اور باغات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
اننت ناگ میں تیز آندھی کے دوران ایک درخت گرنے سے محمد رفیق کجوال جاں بحق جبکہ ان کی اہلیہ شدید زخمی ہو گئیں۔ ادھر ڈوڈہ کے علاقے کھدھر میں آسمانی بجلی گرنے سے پنکی دیوی کی موت ہوگئی۔
ڈوڈہ اور کشتواڑ کے مختلف علاقوں میں بادل پھٹنے کے باعث اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہوئی، تاہم کسی جانی یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی فوری بحالی کی ہدایت دی اور پنکی دیوی کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
دریں اثنا، شوپیاں، پلوامہ، بانڈی پورہ، گاندربل، کپواڑہ اور دیگر علاقوں میں مسلسل ژالہ باری اور بارش سے سیب کے باغات، سبزیوں اور کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس پر کسانوں نے فوری امداد اور نقصانات کے تخمینے کا مطالبہ کیا ہے۔


