جنگ نیوز
جموں و کشمیر محکمہ سیاحت نے عالمی سیاحتی منڈی میں خطے کی سیاحتی صلاحیتوں اور مختلف مقامات کو متعارف کرانے کے لئے لندن میں منعقدہ عالمی ٹریول مارکیٹ (ڈبلیو ٹی ایم) 2026 میں شرکت کی ہے۔ یہ نمائش 3 سے 5 نومبر تک ایکسیل لندن میں جاری رہے گی۔
نمائش میں جموں و کشمیر کے لئے 2 خصوصی اسٹال قائم کیے گئے ہیں۔ انڈین پویلین کا افتتاح مرکزی وزیر سیاحت گجیندر سنگھ شیخاوت نے کیا، جبکہ وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس نمائش میں جموں و کشمیر کے سیاحتی شعبے سے وابستہ متعدد افراد بھی شرکت کر رہے ہیں، جہاں انہیں عالمی ٹور آپریٹروں اور سیاحتی ماہرین سے رابطے اور نئے تجارتی اشتراک کے مواقع تلاش کرنے کا موقع مل رہا ہے۔
محکمہ سیاحت کے مطابق نمائش میں جموں و کشمیر کے اسٹالوں کو سیاحوں اور صنعتی نمائندوں کی جانب سے حوصلہ افزا ردعمل مل رہا ہے۔ اس شرکت کا مقصد عالمی سطح پر خطے کی سیاحت کو فروغ دینا اور نئی شراکت داریوں کے ذریعے بین الاقوامی سیاحتی منڈی میں اس کی موجودگی مضبوط بنانا ہے۔


