حیدرآباد :
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے دوسرے کوالیفائر میں گجرات ٹائٹنز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راجستھان رائلز کو سات وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ کپتان شُبمن گل کی دھواں دار سنچری اور بی سائی سدرشن کے ساتھ ریکارڈ اوپننگ شراکت نے گجرات کی فتح کی بنیاد رکھی۔
نیو چندی گڑھ میں کھیلے گئے میچ میں راجستھان رائلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 214 رنز بنائے۔ نوجوان بلے باز ویبھو سوریاونشی نے 47 گیندوں پر 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ رویندر جڈیجا نے 45 اور ڈونووان فریرا نے صرف 11 گیندوں پر ناقابل شکست 38 رنز بنائے۔ فریرا نے آخری اوور میں راشد خان کو مسلسل چھکوں کی مدد سے شدید نقصان پہنچایا۔215 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں گجرات ٹائٹنز کے اوپنرز شُبمن گل اور بی سائی سدرشن نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اپنایا۔ دونوں کے درمیان 167 رنز کی شراکت قائم ہوئی جو میچ کا فیصلہ کن موڑ ثابت ہوئی۔ گل نے 53 گیندوں پر 104 رنز بنائے جس میں 15 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، جبکہ سدرشن نے 58 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔گل کے آؤٹ ہونے کے بعد جوس بٹلر، واشنگٹن سندر اور راہل تیواتیا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 18.4 اوورز میں کامیابی دلائی۔ اس فتح کے ساتھ گجرات ٹائٹنز اپنی تاریخ میں تیسری مرتبہ آئی پی ایل فائنل میں پہنچی ہے، جہاں اس کا مقابلہ دفاعی چیمپئن رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) سے ہوگا


