جنگ نیوز
شوپیان پولیس نے مبینہ عسکری مالیاتی نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ نیٹ ورک مختلف جیلوں میں بند عسکریت پسندوں اور ان کے ساتھیوں سے منسلک تھا۔
پولیس نے بتایا کہ آن لائن مالی لین دین کی مشتبہ سرگرمیوں کی تحقیقات کے دوران رقم کی منتقلی کے کئی روابط سامنے آئے، جس کے بعد ملزمان کی نشاندہی کی گئی۔
گرفتار افراد کی شناخت اویس شفیع نائیکو، تجمل احمد شاہ، معیز اقبال، عماد یوسف گنائی، ثاقب ظہور وانی، عامر احمد گنائی، فردوس ٹھوکر، لیاقت نذیر لون، محمد حنیف اور کاجو کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں الزام ہے کہ ملزمان عوام سے رقم جمع کرکے لشکرِ طیبہ اور ٹی آر ایف کی سرگرمیوں کے لئے مالی اور لاجسٹک مدد فراہم کرتے تھے، جس میں اسمارٹ فونز کی فراہمی بھی شامل تھی۔
اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن شوپیان میں ایف آئی آر نمبر 231/2026 درج کی گئی ہے۔ پولیس نے کہا کہ نیٹ ورک کے مزید روابط کی نشاندہی کے لئے تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔


