جنگ نیوز ڈیسک
بھارت کے شہری ہوا بازی کے شعبے میں توسیع کا امکان پیدا ہو گیا ہے، جہاں وزارتِ سول ایوی ایشن نے تین نئی ایئرلائنز شَنکھ ایئر، ال ہند ایئر اور فلائی ایکسپریس کو نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ جاری کر دیے ہیں، جس کے بعد ان کے لیے آپریشنز شروع کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
مرکزی وزیرِ سول ایوی ایشن کنجراپو رام موہن نائیڈو نے حال ہی میں ان مجوزہ ایئرلائنز کی ٹیموں سے ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ اتر پردیش میں قائم شَنکھ ایئر کو این او سی پہلے ہی مل چکا ہے اور توقع ہے کہ یہ ایئرلائن سال 2026 سے اپنی پروازیں شروع کرے گی۔ شَنکھ ایوی ایشن کے تحت چلنے والی اس ایئرلائن کا ہدف آئندہ دو سے تین برسوں میں بیس سے پچیس طیاروں پر مشتمل بیڑا تیار کرنا ہے۔
وزارت کے مطابق ال ہند ایئر اور فلائی ایکسپریس کو بھی اسی ہفتے این او سی جاری کیا گیا ہے، جو ملکی ہوا بازی کے شعبے میں مسابقت بڑھانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
فی الحال بھارت میں نو شیڈیولڈ گھریلو ایئرلائنز سرگرم ہیں، جن میں انڈیگو اور ایئر انڈیا گروپ کا مجموعی مارکیٹ شیئر نوے فیصد سے زائد ہے۔ نئی ایئرلائنز کی شمولیت سے مسافروں کے لیے انتخاب کے مواقع بڑھنے اور شعبے میں تنوع آنے کی امید ہے۔


