جنگ نیوز
سرینگر/مرکزی وزیر کرن رجیجو نے سرینگر میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے جموں و کشمیر وقف بورڈ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ملک میں 9 لاکھ سے زائد وقف املاک کو مؤثر طریقے سے استعمال کرکے مسلم برادری، بالخصوص غریب اور پسماندہ طبقوں کی سماجی و اقتصادی حالت بہتر بنائی جاسکتی ہے۔
وقف ڈے تقریبات میں کرن رجیجو کے ساتھ رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ستیش پونیا اور میاں الطاف حسین لاروی مہمانانِ اعزازی کے طور پر موجود تھے۔ تقریب میں پروفیسر نذیر احمد گنی، ڈاکٹر جی این حلیم، سید محمد حسین حقانی، مولوی عمران رضا انصاری، مولانا عبدالرشید داؤدی، مولانا فاروق نورآبادی، مولانا فاروق نقشبندی، پروفیسر نیلوفر خان، ڈاکٹر محمد اشرف گنی، رفیق نائیک اور اشوک کول سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی نے گزشتہ چار برسوں کی کامیابیوں کا جائزہ پیش کیا، جبکہ کرن رجیجو نے ان کی اور ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے بورڈ کو اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے لئے خصوصی فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے وقف بورڈ کی کافی ٹیبل بک، سالانہ میگزین ’’صدائے وقف‘‘ اور درگاہوں کی ترقی سے متعلق دستاویز کا اجرا بھی کیا۔ ممتاز شخصیات، وقف بورڈ کے افسران عابد حسین، اشتیاق محی الدین، انجینئرنگ ٹیم اور ڈیجیٹل ایکسپرٹ عرفان احمد کو اعزازات سے نوازا گیا۔
اس سے قبل کرن رجیجو نے درگاہ حضرت بل میں وقف فوٹو میوزیم، خواتین کے نماز ہال اور گیسٹ ہاؤس کا افتتاح کیا، جبکہ کٹی دروازہ، رعناواری میں بی بی حلیمہ کالج آف نرسنگ اینڈ میڈیکل ٹیکنالوجی کی 7 اعشاریہ 23 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار سہولیات کا بھی افتتاح کیا۔
کرن رجیجو نے جموں و کشمیر وقف بورڈ کو ملک کا نمبر ون وقف بورڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے اقدامات دیگر وقف بورڈوں کے لئے قابلِ تقلید ہیں۔ انہوں نے BJP کی انتخابی تیاریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ہر وقت انتخابات کے لئے تیار رہتی ہے۔


