جنگ نیوز+ہ س
سرینگر/ امرناتھ یاترا کے راستے پر شیش ناگ جھیل کے قریب بھاری مشینری سے کھدائی کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سیاسی رہنماؤں، ماحولیاتی کارکنوں اور مقامی لوگوں نے شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کام فوری روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ کام Border Roads Organisation (BRO) کے منصوبے کا حصہ ہے، تاہم اس معاملے پر تاحال سرکاری بیان سامنے نہیں آیا۔
PDP ترجمان موہت بھان نے شیش ناگ کی مذہبی اہمیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مقدس مقام کو غیر ضروری تعمیرات اور کھدائی سے متاثر کرنا تضاد ہے۔ مذہبی اسکالر اور ماحولیاتی کارکن ڈاکٹر محمد سمیر شفیع صدیقی نے جھیل کو لدر دریا کے پانی کا اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے ماحولیاتی خطرات پر تشویش ظاہر کی۔
ماحولیاتی کارکن سہیل احمد خان نے شیش ناگ کو GLOF کے حوالے سے خطرے والی 14 جھیلوں میں شامل قرار دیا، جبکہ محقق ساجد رینہ اور موسمیاتی کارکن ڈاکٹر راجہ مظفر بٹ نے بھاری مشینری کی رسائی اور اجازت پر سوال اٹھائے۔ سوشل میڈیا پیج Mountains in Loop، ریڈیو جاکی ناصر، کوہ پیمائی کے شوقین ساحر مشتاق اور شہری نکھل سینی نے بھی قدرتی ماحول کے تحفظ اور کام روکنے پر زور دیا۔
میرواعظ کشمیر مولوی عمر فاروق نے کہا کہ یاتریوں کی سہولیات بہتر بنانے پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم یہ نازک ماحولیاتی نظام کی قیمت پر نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کھدائی فوری روکنے اور پہاڑوں، گلیشیئروں اور آبی ذخائر کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔
سی پی آئی (ایم) کے سینئر رہنما اور رکن اسمبلی کولگام محمد یوسف تاریگامی نے منصوبے، متعلقہ ایجنسی اور منظوریوں کی تفصیلات عام کرنے، ماہرین سے مقام کا معائنہ کرانے اور ماحولیاتی جائزے کا مطالبہ کیا۔
رکن پارلیمنٹ میاں الطاف احمد نے کشمیر کی جھیلوں، دریاؤں اور جنگلات کے تحفظ کو ماحولیات، سیاحت اور صحت عامہ کے لئے ناگزیر قرار دیا۔
AIP کے چیف ترجمان عنام اُن نبی نے بھی شیش ناگ کو مقدس ورثہ قرار دیتے ہوئے کھدائی فوری روکنے، منصوبے کی تفصیلات منظر عام پر لانے، جامع ماحولیاتی جائزے اور مذہبی نمائندوں سے مشاورت کا مطالبہ کیا
معاملے پرBRO کی وضاحت: سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوئے مسترد
جنگ نیوز
سرینگر/بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) نے آج کہا کہ تنظیم امرناتھ جی یاترا کے بعد تمام قابلِ اطلاق حفاظتی اصولوں اور ماحولیاتی تحفظات کی تعمیل میں کام کر رہی ہے۔
بی آر او کھدائی شدہ مواد کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے ،، نیچرل ڈرنیج کے تحفظ اور اردگرد کے علاقوںمیں خلل کو کم سے کم کرنے کے لئے تمام اَقدامات کرتا ہے۔
بی آر او نے کہا کہ سوشل میڈیا پر حال ہی میں گردش کرنے والی ویڈیو میں نئے کاموں کے حوالے سے جو دعوے کئے گئے ہیں، وہ درست نہیں ہیں۔بی آر او نے گزشتہ یاترا کے تجربے اورشری امرناتھ جی یاترا کے لئے وسیع سڑک کی ضرورت کو اُجاگر کئے جانے کی بنیاد پرپٹریوں کو چوڑا کرنا شروع کردیا ہے جس میں حساس حصوں کو مضبوط کرنے اور مقررہ طریقے سے پٹریوں کی چوڑائی بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ رش کو کم کیا جا سکے اور محفوظ گزرگاہ کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ کام موجودہ پٹریوں تک ہی محدود ہیں۔ بی آر او کا بنیادی مقصد پوری یاترا کے دوران یاتریوں کی حفاظت ہے۔ ان ٹریکس کو یاتریوں، یاترا کے عملے اور اسے استعمال کرنے والے ہر فرد کے لئے زیادہ محفوظ اور قابلِ رسائی بنا کر، یہ کام وسیع تر عوامی مفاد کو پورا کرتے ہیں۔


