جنگ نیوز
نئی دہلی/مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے نئی دہلی میں انسداد دہشت گردی سے متعلق 2 روزہ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ لشکر طیبہ کے مقامی دہشت گرد لطیف بھٹ کے مارے جانے کے بعد کشمیر میں بھارت میں پیدا ہونے والے دہشت گردوں کی موجودگی ختم ہوگئی ہے۔ انہوں نے اسے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم سنگ میل قرار دیا۔
امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف صفر رواداری کی پالیسی اپنائی گئی ہے اور اس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ ان کے مطابق ملک بھر میں پولیس اور انسداد دہشت گردی اداروں کے درمیان مربوط حکمت عملی قائم کی جارہی ہے تاکہ دہشت گردانہ حملوں کو وقوع پذیر ہونے سے پہلے روکا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے پورے نیٹ ورک، اس کی مالی معاونت، منظم جرائم اور منشیات سے وابستہ روابط کو بیک وقت نشانہ بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے ریاستی انسداد دہشت گردی اسکواڈز کو سائبر صلاحیتیں مضبوط بنانے اور پولیس اسٹیشن کی سطح سے قابل عمل انٹیلی جنس حاصل کرنے پر بھی زور دیا۔
کانفرنس میں مرکزی وزیر داخلہ نے بتایا کہ 2019 سے اب تک 36 ممالک سے 303 مفرور افراد کو واپس بھارت لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، منظم جرائم اور منشیات کے خطرات سے نمٹنے کے لئے بیرون ملک فرار ہونے والے مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے۔
انہوں نے قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کے اختیارات اور دائرہ کار میں توسیع، 16 نئے برانچ دفاتر اور 2 زونل دفاتر کی منظوری، نیشنل میموری بینک کے قیام اور مختلف ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل کو بھی انسداد دہشت گردی اقدامات کا حصہ قرار دیا۔
دو روزہ کانفرنس میں ملک بھر کے سینئر پولیس افسران، انسداد دہشت گردی اداروں کے نمائندے اور قانون، فرانزک و ٹیکنالوجی کے ماہرین شرکت کررہے ہیں۔ اس موقع پر این آئی اے کی اشاعت ’’فیل سیف انویسٹی گیشن‘‘ جاری کی گئی، چندی گڑھ میں این آئی اے دفتر کا سنگ بنیاد رکھا گیا اور دہلی میں رہائشی کمپلیکس کا افتتاح بھی کیا گیا۔
امت شاہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں مشترکہ اہداف، واضح جوابدہی، جدید ٹیکنالوجی اور مربوط تحقیقات کلیدی اہمیت رکھتے ہیں، جبکہ ہر واقعے کی تحقیقات دہشت گرد نیٹ ورک کے مکمل خاتمے تک جاری رہنی چاہیے۔


