جنگ نیوز ڈیسک
گوا/بھارت کا 57واں بین الاقوامی فلمی میلہ (اِفی) کل 20 نومبر سے گوا میں شروع ہوگا، جو 28 نومبر تک جاری رہے گا۔ ’’سرحدوں سے ماورا کہانیاں‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والے اس میلے میں بھارت اور دنیا بھر کے فلم ساز، فن کار اور سینما سے وابستہ شخصیات شرکت کریں گی۔
ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں گوا کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر پرمود ساونت، رکن پارلیمنٹ روی کشن، فلم ساز آشوتوش گواریکر، مدھر بھنڈارکر اور آنند ایل رائے سمیت کئی نامور شخصیات شرکت کریں گی۔
تقریب کا اہم حصہ تین مرتبہ گریمی ایوارڈ حاصل کرنے والے موسیقار رکی کیج کی سمفونک آرکسٹرا پیش کش ہوگی، جبکہ مختلف ثقافتی اور موسیقی کے مظاہرے بھی پیش کیے جائیں گے۔
اس سال میلے میں 86 ممالک کی 150 سے زائد بین الاقوامی فلمیں دکھائی جائیں گی، جبکہ انڈین پینورما میں 18 زبانوں کی 76 بھارتی فلمیں شامل ہیں۔ اسپین اعزازی اور روس شراکت دار ملک ہوگا۔
فلمی میلے کا آغاز پولینڈ کے فلم ساز پاول پاولیکوسکی کی فلم ’’فادرلینڈ‘‘ سے ہوگا، جبکہ اختتام سنگاپور کے فلم ساز انتھونی چن کی فلم ’’وی آر آل اسٹرینجرز‘‘ پر ہوگا۔
اس بار اینیمیشن اور فلم سازی کے فن پر مبنی دو نئے حصے بھی متعارف کرائے جارہے ہیں۔ میلے میں گولڈن پیکاک اور سلور پیکاک سمیت مختلف اعزازات پیش کیے جائیں گے، جبکہ نوجوان فلم سازوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع بھی فراہم ہوں گے۔
فیسٹیول ڈائریکٹر آشوتوش گوواریکر کا فلمی میلے کے شائقین کے نام خصوصی پیغام
آئی ایف ایف آئی کے محترم شائقین!
آج گوا میں 57ویں بین الاقوامی فلمی میلے (آئی ایف ایف آئی) کا آغاز ہوگیا ہے۔ اس سال کی 267 صفحات پر مشتمل سرکاری کیٹلاگ فلمی میلے کے غیر معمولی تنوع اور وسعت کی عکاسی کرتی ہے۔ اس کے ابتدائی صفحات ہی سے اندازہ ہوجاتا ہے کہ ناظرین کو آگے کیا کچھ دیکھنے کو ملنے والا ہے۔
اس سال فلمی میلے کا مرکزی موضوع ’’سرحدوں سے ماورا کہانیاں‘‘ ہے۔ ہزاروں میل دور کسی ملک میں بنائی گئی ایسی فلم، جس کی زبان شاید آپ نہ سمجھتے ہوں، پھر بھی آپ کو ہنسا سکتی ہے، جذباتی کرسکتی ہے یا دیر تک سوچنے پر مجبور کرسکتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ زبانیں اور ثقافتیں مختلف ہونے کے باوجود انسانی جذبات ایک دوسرے سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔ میرے نزدیک یہی اس موضوع کا اصل مفہوم ہے۔
اس سال کی فلموں کا انتخاب اس تصور کو سمجھنے کے کئی مواقع فراہم کرتا ہے۔ سب سے پہلی سرحد جغرافیائی ہے۔ آئی ایف ایف آئی میں 86 ممالک کی 159 بین الاقوامی فلمیں دکھائی جائیں گی۔ اسپین کو ’’کنٹری آف آنر‘‘ جبکہ روس کو شراکت دار ملک کی حیثیت حاصل ہے۔
دوسری سرحد زبان اور ثقافت کی ہے۔ اس سال انڈین پنورما میں ہندوستان کی 18 زبانوں کی 76 فلمیں شامل ہیں، جو ملک کے سنیما کے رنگا رنگ تنوع کو پیش کرتی ہیں۔ ان میں لداخ، گوا اور دیگر خطوں کی فلمیں بھی شامل ہیں۔
تیسری سرحد وقت کی ہے۔ اس سال عظیم فلم ساز آندریج وائیدا کی پیدائش کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ ہندوستانی سنیما کی جانب سے بھی آٹھ ممتاز فنکاروں کی صد سالہ تقریبات منائی جائیں گی، جن میں اداکار پریم نذیر، سوریہ کانت ماندھرے، راج کمار اور اتم کمار، ہدایت کار شکتی سامنت اور موسیقار او پی نیّر اور روی شامل ہیں۔ ان شخصیات کی خدمات ہندی، بنگالی، مراٹھی اور ملیالم سنیما تک پھیلی ہوئی ہیں۔ انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سَدی مانسے، تُلابھارم، وقت، کشمیر کی کلی اور چورنگی سمیت متعدد فلمیں دکھائی جائیں گی۔
برکس ممالک کے سنیما پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی، جس کے تحت 21 فلمیں پیش ہوں گی۔ اس کے علاوہ اینیمیشن اور فلم اباؤٹ فلم کے دو نئے زمرے بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔
ایک سرحد فلمی میلے اور اس شہر کے درمیان بھی ہوتی ہے جہاں اس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس سال پنجی، پوروریم، مرگاؤ اور پونڈا میں 13 مقامات پر فلموں کی نمائش ہوگی، جس سے گوا کے مختلف علاقوں کے ناظرین کے لئے میلے تک رسائی آسان ہوگی۔
لیکن میری آپ سے ایک گزارش ہے کہ کم از کم ایک ایسی فلم ضرور دیکھیے جسے آپ عام طور پر منتخب نہیں کرتے۔ ایسی فلم جو کسی اجنبی زبان یا ملک کی ہو اور جس کے فلم ساز سے آپ پہلے واقف نہ ہوں۔ سب ٹائٹلز کے ذریعے کہانی سے جڑیے، ممکن ہے آپ محسوس کریں کہ ہمارے درمیان فاصلے اتنے زیادہ نہیں جتنے ہم سمجھتے ہیں۔
ذاتی طور پر میرے لئے خوشی اور فخر کی بات ہے کہ میری پسندیدہ فلم ’’لگان‘‘ کو اس سال فلمی میلے کے خصوصی نمائش والے حصے میں نمایاں مقام دیا گیا ہے۔ یہ فلم اپنی ریلیز کے 25 سال مکمل کررہی ہے۔ مجھے اس موقع پر ناظرین کے ساتھ سنیما کے اس یادگار سفر کو دوبارہ دیکھنے کا انتظار ہے۔
آئی ایف ایف آئی صرف فلموں کی نمائش تک محدود نہیں بلکہ سنیما کے مستقبل، نئے تخلیق کاروں اور فلمی صنعت کے فروغ کے مواقع بھی فراہم کرتا ہے۔ اس سال متعدد اقدامات کے ذریعے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ، تخلیقی اشتراک اور فلم سازی کے نظام کو مضبوط بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ان میں وزارت اطلاعات و نشریات اور این ایف ڈی سی کا پروگرام ’’کریئیٹو مائنڈز آف ٹومارو‘‘ (سی ایم او ٹی) اہم ہے۔ اس کے تحت ملک بھر کے 100 نوجوانوں کو فلم سازی کے 13 مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔
اسی طرح ’’ویوز فلم بازار‘‘ بھی اہمیت رکھتا ہے، جو پہلے ’’فلم بازار‘‘ کے نام سے معروف تھا۔ یہ ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں فلم سازوں، پروڈیوسروں، سرمایہ کاروں اور تقسیم کاروں کو ایک دوسرے سے رابطے اور تعاون کے مواقع ملتے ہیں۔ نئے فلمی منصوبوں، مشترکہ پروڈکشن اور صنعت سے وابستہ افراد کے ساتھ تبادلہ خیال کے ذریعے نئے امکانات پیدا ہوتے ہیں۔
اس سال فلمی میلے کا آغاز معروف پولش فلم ساز پاویل پاولیکووسکی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’’فادرلینڈ‘‘ سے ہوا ہے۔ 1949 کے جنگ کے بعد کے جرمنی کے پس منظر میں بنائی گئی یہ بلیک اینڈ وائٹ فلم نوبیل انعام یافتہ جرمن مصنف تھامس مان اور ان کی بیٹی ایریکا کے سفر کی کہانی بیان کرتی ہے۔ فلم ایک ایسے ملک کی عکاسی کرتی ہے جو اپنے ماضی سے نبرد آزما ہے، جبکہ باپ اور بیٹی کے رشتے کو بھی اجاگر کرتی ہے۔
فلمی میلے کا اختتام سنگاپور کے فلم ساز انتھونی چن کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’’وی آر آل اسٹرینجرز‘‘ سے ہوگا۔ مجھے امید ہے کہ اس فلمی میلے کے مشترکہ تجربات کے بعد ہم سب ایک دوسرے سے پہلے کی نسبت کم اجنبیت محسوس کریں گے۔
آخر میں اپنے تمام دوستوں سے یہی کہنا چاہوں گا کہ 57ویں آئی ایف ایف آئی کو یوں ہی گزرنے نہ دیجیے کہ اگلے 365 دن تک آپ یہ سوچتے رہیں کہ کاش اس میں شرکت کی ہوتی۔ اپنے پروگرام بنائیے، گوا تشریف لائیے اور دھوپ، ریت اور سنیما کے حسین ماحول میں ایسی یادیں بنائیے جو ہمیشہ آپ کے ساتھ رہیں۔
IFFI میں آپ سے ملاقات کا منتظر ہوں!
آپ کا مخلص
آشوتوش گوواریکر


