جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر/ڈپٹی کمشنر سرینگر اکشے لبرو نے کہا ہے کہ ضلع میں منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کے دوران 100 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی جائیدادیں ضبط کی گئی ہیں، جبکہ 100 سے زیادہ افراد کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کیے گئے ہیں۔
نوہٹہ کے رادپورہ علاقے میں مشترکہ عوامی رابطہ پروگرام کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ منشیات فروشوں کے خلاف مقدمات درج کرنے، گرفتاریوں، حراست اور جائیدادوں کی ضبطی سمیت مختلف قانونی اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی ہدایات پر منشیات کے خلاف مہم جاری ہے اور اس سلسلے میں مزید اقدامات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ عوامی شکایات کے ازالے کے لئے سول انتظامیہ اور پولیس نے مشترکہ رابطہ مہم شروع کی ہے، جس کا آغاز شہر خاص سے کیا گیا۔ اس کے تحت لوگوں کے مسائل متعلقہ محکموں کے ذریعے حل کیے جائیں گے، جبکہ مالی وسائل اور منصوبہ بندی سے متعلق معاملات حکومت کو بھیجے جائیں گے۔


