جنگ نیوز
سانبہ/وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اعلان کیا ہے کہ جموں و کشمیر میں نئی صنعتی پالیسی جلد متعارف کرائی جائے گی، جبکہ بجٹ اجلاس 2027-28 سے قبل کان کنی، صنعت اور رسد و گوداموں سے متعلق تین نئی پالیسیاں بھی لائی جائیں گی۔
بڑی براہمنہ، سانبہ میں بڑی براہمنہ انڈسٹری ایسوسی ایشن (بی بی آئی اے) کے صنعتی اجلاس 2026 سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صنعتی پالیسی کا مقصد صرف نئی سرمایہ کاری کو راغب کرنا نہیں بلکہ پہلے سے قائم مقامی صنعتوں کا تحفظ اور استحکام بھی ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ایسی صنعتوں کی حوصلہ افزائی کرے گی جو مقامی خام مال اور منڈیوں سے فائدہ اٹھا کر طویل مدت تک خود کفیل رہ سکیں۔ صنعتی مراعات کو بھی مستقل سرکاری سبسڈی کے بجائے کاروبار کی پائیداری سے جوڑنے کی ضرورت ہے۔
عمر عبداللہ نے صنعتی نمائندوں کے مسائل کے ازالے کے لئے صنعت اور مالیات کے وزراء کو ہدایت دی کہ صنعتی انجمنوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک مختصر ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے، جو قابل عمل تجاویز مرتب کرکے مرحلہ وار لائحہ عمل پیش کرے۔
انہوں نے مقامی طور پر تیار ہونے والی مصنوعات کو سرکاری خریداری میں ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یکساں معیار اور قیمت کی صورت میں جموں و کشمیر میں تیار شدہ اشیا کو بیرونی مصنوعات پر ترجیح ملنی چاہیے۔
وزیر اعلیٰ نے بجلی کی قیمتوں اور دیگر صنعتی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے مالی وسائل محدود ہیں، تاہم صنعتوں کی مدد کے لئے بجلی پر سبسڈی سمیت ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے صنعتی نمائندوں کے ساتھ مل کر پانچ سے دس ٹھوس اقدامات پر مشتمل لائحہ عمل تیار کرنے پر زور دیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر کی صنعتی ترقی میں نمایاں خدمات انجام دینے والے 10 صنعت کاروں کو اعزاز سے نوازا۔
اجلاس میں نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری، وزیر خزانہ جاوید احمد ڈار، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، رکن پارلیمان (راجیہ سبھا) گروندر سنگھ اوبرائے، رکن اسمبلی زڈی بل تنویر صادق، رکن اسمبلی چھانہ پورہ مشتاق گرو سمیت دیگر اعلیٰ افسران اور صنعتی نمائندوں نے شرکت کی۔


