
رشید پروینؔ
میں اپنے آفس میں اپنی آرام دہ کرسی پر بیٹھا تھا، لیکن پہلے یہ صاف کر دوں کہ یہ میرا آفس یوں ہے کہ میں یہاں کام کرتا ہوں۔ دراصل، یہاں میں بھی ایک ملازم کی حیثیت سے ہی اپنے فرائض انجام دیتا ہوں۔ یہاں اور بھی کچھ ملازم ہیں، جن میں دو تین اللہ کی بندیاں بھی کمپیوٹر پر ہی کام کرتی ہیں۔ ظاہر ہے کہ یہ جنریشن کمپیوٹر میں، میرے خیال میں، زبردست مہارت رکھتی ہے۔
بہرحال، میری اتنی سیلری ہے کہ میرا خرچہ چل رہا ہے اور کوئی خاص مشکل پیش نہیں آ رہی، کیونکہ اب جس اسٹیج پر ہم میاں بیوی ہیں، وہاں ضروریات کے علاوہ کسی اور خواہش کی شاید کوئی گنجائش نہیں رہتی۔
بہرحال، اس آفس سے ملحق ایک دوسرا بڑا کمرہ ہے، جہاں اسٹاف بھی ہوتا ہے اور اس بڑے آفس میں کسٹمرز بھی آ کر مالک سے یا سیلز مین کے ساتھ شو روم کا چکر لگانے کے بعد اپنی پسند کی آئٹمز لکھواتے اور معاملات طے کرتے ہیں۔
کرسی پر بیٹھے بیٹھے میں نے دیوار میں لگے ہوئے شیشے سے جھانکا تو چار پانچ اشخاص ’’صاحب‘‘ کی میز کے سامنے کھڑے تھے۔ اچانک میرے ذہن میں ایک بجلی سی کوندی، کیونکہ ان میں ایک ایسا شخص بھی تھا جو مجھے جانا پہچانا سا لگا۔ لیکن کہاں؟ کہاں؟ میں ذہن پر زور دینے کی کوشش ہی کر رہا تھا کہ روشنی کا ایک جھماکا سا ہوا اور یادوں کا ایک کارواں صاف اور واضح میری نگاہوں کے سامنے سے گزرنے لگا۔
مجھے یاد آیا کہ ہائر سیکنڈری میں فرسٹ، سیکنڈ اور تھرڈ ایئر میں وہ میرا کلاس فیلو رہا تھا۔ میں نے اپنی مشکلات کی وجہ سے تعلیمی سفر کا اختتام کر دیا تھا اور میرا یہ یار آگے کالج اور پھر یونیورسٹی سے ایم ایس سی کرنے کے بعد جونیئر لیکچرار تعینات ہوا تھا۔ کسی دوست نے بتایا تھا کہ بعد میں بحیثیت پرنسپل ریٹائر ہوا تھا۔
بڑی مدت کے بعد اگرچہ چہرے میں تبدیلیاں عمر کا لازمی جزو ہیں، پھر بھی میں نے اسے ایک دم پہچان لیا اور فوراً اپنے آفس سے باہر آ کر اس کے سامنے کھڑا ہو گیا۔ ایک لمحے تک تو وہ بھی مجھے دیکھ کر مبہوت سا رہ گیا، لیکن اس کی یادداشت بھی کافی اچھی تھی۔ ایک دم میرا نام لیتے ہوئے گلے مل گیا۔
دراصل، ہم ایک ہی قطار کے ڈیسکوں پر کئی سال اسکول میں ساتھ رہے تھے اور ایک دوسرے کے ساتھ کسی قسم کی پردہ داری نہیں تھی۔
’’آؤ، میرے آفس میں بیٹھ کر بات کریں گے،‘‘ میں نے ہنستے ہوئے کہا۔
’’اچھا، تو یہ تمہارا ہی کامپلیکس ہے! بہت خوشی ہوئی،‘‘ سامنے لگے ہوئے صوفے پر بیٹھتے ہوئے اس نے کہا۔
’’نہیں، میں یہاں کام کرتا ہوں،‘‘ میں نے جواب دیا اور آفس بوائے کو چائے لانے کے لیے کہہ دیا۔
دراصل، یہ میرا یار پراپر میرے ہی قصبے کا نہیں تھا، بلکہ یہاں اس کے ماموں جان رہتے تھے اور یہ ان کی دیکھ ریکھ میں ہی کالج تک ان کے ساتھ رہا۔ اسی لیے ہائر سیکنڈری کے بعد ہم کبھی نہیں ملے۔ میں بھی اپنے روزگار کی تلاش میں کچھ زیادہ ہی مصروف رہا۔
چائے آ گئی تو میں نے دوست سے پوچھا:
’’بتاؤ یار، کیا کر رہے ہو؟ کیسے گزر رہی ہے؟ گھر میں کون کون ہیں؟‘‘
’’سلیم، میں تو بتاؤں گا، لیکن پہلے تم اپنی کہو،‘‘ میرے یار ماجد نے ہنس کر کہا۔
’’یہ تو جانتے ہی ہو کہ کالج لائف قسمت میں نہیں تھی۔ کبھی یہاں کام کیا، کبھی وہاں۔ اپنا کوئی مستقل کام نہیں رہا۔ کوشش کی تھی ایک دو بار، لیکن کوئی خاص کام نہیں کر پایا۔ بزنس چلانے کے لیے جس طرح کا سرمایہ چاہیے، وہ کبھی میرے پاس نہیں رہا۔ دو بچے ہوئے، ایک لڑکی اور ایک لڑکا۔ شکر ہے کہ بچی کی شادی کر چکا ہوں اور بیٹا ایم ٹیک کے بعد ایک بڑی کمپنی میں جاب کر رہا ہے۔ اس کی شادی بھی ہو چکی ہے اور دونوں میاں بیوی ایک ہی کمپنی میں کام کر رہے ہیں۔ اور ہم میاں بیوی ایک دوسرے کا خیال رکھ رہے ہیں۔ بس، میری اتنی سی کہانی ہے۔‘‘
میں نے ایک لمبی سانس لی اور پھر کہا:
’’ہاں، تو بتاؤ، کیسے گزر رہی ہے؟‘‘
میں نے مسکرا کر آخری چسکی لی اور کپ نیچے رکھ دیا۔
میرا دوست کچھ لمحات تک مجھے دیکھتا رہا، لیکن اس بار اس کی نگاہوں میں کیا تھا، میں سمجھ نہیں پا رہا تھا۔ چہرے کی اس دھوپ چھاؤں کو میں کوئی نام نہیں دے پا رہا تھا۔ میں کئی لمحے خاموش رہا۔
’’گھر گھر کی کہانی! یہی ہے گھر گھر کی کہانی،‘‘ وہ مسکرایا اور پھر ہنس کر کہنے لگا:
’’میرے تین بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔ بیٹی کی شادی کر چکا ہوں اور ماشاء اللہ اپنے گھر میں سکھی ہے۔ ایک بیٹا سعودی عرب میں ڈاکٹر ہے، اس کی بیوی بھی ڈاکٹر ہے اور ان کی فیملی وہاں، سمجھو، سیٹل ہے۔ دوسرا بیٹا واشنگٹن میں ڈاکٹر ہے۔ اس نے وہیں شادی کی ہے، گرین کارڈ حاصل کر چکا ہے اور کبھی کبھی یہاں میرے ہاں آٹھ دس روز کے لیے مہمانوں کی طرح آ جاتا ہے۔
تیسرے بیٹے نے زیادہ نہیں پڑھا۔ تم جانتے ہو کہ میرے والد صاحب کا اچھا خاصا بزنس تھا۔ ملازمت کے دوران اور پھر ریٹائرمنٹ کے بعد پوری طرح میں نے ہی یہ ذمہ داریاں سنبھالیں۔‘‘
یہاں رک کر، پتا نہیں کیا سوچ کر، میرا یار خود ہی ہنس پڑا۔ پھر خود ہی کپ نیچے رکھ کر سلسلۂ کلام جاری رکھا:
’’ہاں، تو پچھلے برس ایک دن مجھے خیال آیا کہ اب یہاں سے بھی مجھے ریٹائرمنٹ لے لینی چاہیے۔ بس، پھر کیا تھا! ایک صبح بیٹے کے ساتھ حسبِ معمول دکان پر آیا، سارے کھاتے اور لین دین اسے سمجھایا اور کہا کہ بیٹا، اب تم ہی میری جگہ میری کرسی پر بیٹھ کر اپنے ڈھنگ سے یہ بزنس سنبھالو۔
بس، پھر کبھی کبھی ہی پانچ دس منٹ کے لیے دکان کی طرف آتا تھا۔ گھر میں بور تو نہیں ہوا، لیکن گھر کی دیواروں کو کئی برس سے پینٹ نہیں کروایا تھا۔ بس، یہ جو سوجھی تو رنگ و روغن اور لیبر کا انتظام کرکے کام شروع کروایا۔
ظاہر ہے کہ دکان پر گیا، ڈائری کھولی، نوٹوں کی دو گڈیاں جیب میں رکھ لیں۔ دس بارہ دنوں کے بعد پھر یہی عمل دہرانا پڑا۔ اور شاید ایک مہینے کے بعد سارا حساب فائنل کرنے کے لیے پھر ڈائری کھولی اور دس دس ہزار کی دو گڈیاں اٹھائیں، لیکن اچانک میرے اچھے اور فرمانبردار بیٹے نے میری طرف نگاہیں اٹھائیں۔
میں نہیں جانتا کہ کیا ہوا، بس میرے احساسات جھنجھنا کر رہ گئے۔ اس نے کچھ نہیں کہا تھا، بس ایک نظر اٹھا کر مجھے دیکھا تھا۔ شاید شفقت کی نگاہ تھی، شاید محبت کی نگاہ، یا ان نگاہوں میں کوئی سوال بھی تھا؟
میرے ہاتھ کئی لمحوں تک ڈائری ہی میں مفلوج رہے۔ شاید میں غلط کر رہا ہوں، کیونکہ میں کاؤنٹر چھوڑ چکا ہوں۔ بس، یہی ایک آواز مجھے اپنے اندر گونجتی ہوئی سی محسوس ہوئی۔
اس کے بعد اب کبھی کبھی ہی دکان پر پانچ دس منٹ کے لیے جاتا ہوں، اور بس۔‘‘
میرا دوست خاموش ہو گیا، لیکن میں نے فوراً ہی پوچھا:
’’یہ تو تم نے بتایا ہی نہیں کہ گھر میں اب کیا کر رہے ہو؟ وقت کیسے گزرتا ہے؟‘‘
میرے لہجے میں تجسس تھا۔
میں بے اختیار ہنس پڑا۔
’’یار، یہ قبلے کی کیا سوجھی ہے؟ ویسے تم قبلہ رُو ہی بیٹھے ہو۔‘‘
ماجد کھڑا ہوا، دعا کے انداز میں دونوں ہاتھ اٹھائے اور کہا:
’’میں اس شخص کو دعا دیتا ہوں جس نے پنشن مقرر کی تھی۔‘‘
میں صم بکم رہ گیا۔ کئی لمحوں تک کچھ سمجھ میں نہیں آیا، اور جب لمحوں کے بعد سمجھ آیا تو زندگی کی ساری کتاب اور ہزاروں کہانیاں، اپنی اور دوسروں کی، میرے ذہن کے پردوں پر فلم کی طرح رواں دواں تھیں، جہاں میری جنریشن کا کرب ایک جیسا تھا۔۔۔


