جنگ نیوز
جموں/کشتواڑ کے دور افتادہ علاقے ڈچن مروہ میں لاپتہ ہونے والے 2 خصوصی پولیس اہلکاروں (ایس پی اوز) کی گولیوں سے چھلنی لاشیں جمعرات کو دہرنا ٹاپ سے برآمد ہوئیں۔
جاں بحق اہلکاروں کی شناخت 40 سالہ رشپال کمار اور 57 سالہ بی بی چند کے طور پر ہوئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں اہلکار دہرنا چوکی پر ساتھیوں کی جگہ ڈیوٹی سنبھالنے جا رہے تھے کہ راستے میں ان پر حملہ کیا گیا۔ دونوں کی سروس رائفلیں، ایک انساس اور دوسری 303 بور، بھی غائب پائی گئیں۔
ڈائریکٹر جنرل پولیس نلین پربھات واقعے کے بعد کشتواڑ پہنچے اور اعلیٰ فوجی و پولیس افسران کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا۔ فوج، پولیس کی خصوصی کارروائیوں کی جماعت (ایس او جی) اور مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) نے حملہ آوروں کی تلاش میں وسیع تلاشی کارروائی شروع کردی ہے۔ ڈرونز، ہیلی کاپٹروں اور سراغ رساں کتوں کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی۔قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے کہا کہ خطے میں امن کی بحالی کی کوششوں کے باوجود دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کے باقیات اب بھی سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرانا دہشت گرد معاون نیٹ ورک مکمل طور پر ختم نہیں ہوا اور اس کے باقی ماندہ عناصر سے نمٹا جائے گا۔
کشتواڑ کی رکن اسمبلی شگن پریہار نے بھی واقعے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ سے قاتلوں کو جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔
قابل ذکر ہے کہ 16 اکتوبر کو ایس پی او بشیر احمد کی لاش وانی پورہ ترگام میں ملی تھی۔ پولیس تحقیقات میں ان کے قتل کی وجہ زمین کا تنازعہ قرار پائی تھی۔


