جنگ نیوز ڈیسک
سری نگر/وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے نیشنل کانفرنس کے چیف ترجمان تنویـر صادق کے حالیہ بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیان تاریخی حقائق پر مبنی ہے اور انہیں یا پارٹی کو معذرت یا وضاحت دینے کی ضرورت نہیں۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ کشمیر میں ماضی کی غربت اور عوام کو درپیش مشکلات کا ذکر متعدد مورخین نے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت میں کشمیری انتہائی غربت کا شکار تھے اور بنیادی ضروریات کے لئے بھی شدید مشکلات کا سامنا کرتے تھے۔
انہوں نے بی جے پی اور پی ڈی پی پر معاملے کو سیاسی رنگ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ تنویر صادق نے کوئی غلط بات نہیں کہی۔
وندے ماترم کی مکمل بندشوں کو سرکاری تقریبات میں گائے جانے کی مخالفت سے متعلق سوال پر عمر عبداللہ نے کہا کہ موجودہ قانونی دفعات نافذ رہنے تک حکومت ان پر عمل کرنے کی پابند ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے کبھی وندے ماترم کو بحیثیت جماعت قبول نہیں کیا، تاہم قانونی اور آئینی ذمہ داری پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر مستقبل میں کانگریس اقتدار میں آتی ہے اور پارلیمان میں قانون ختم کردیتی ہے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ حکومت مقامی نوجوانوں کو کیمرہ ورک، پروڈکشن اور فلم سازی کے دیگر شعبوں میں تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ہونے والی فلمی شوٹنگز میں مقامی نوجوانوں کو ترجیحی مواقع ملنے چاہئیں۔


