جنگ نیوز
بیوپار منڈل مہاراج گنج نے مہاراج گنج کے شہری بنیادی صحت مرکز (UPHC) کی نئی تعمیر شدہ عمارت سے خدمات کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے علاقے میں صحت عامہ کی سہولیات کی بہتری کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔
منڈل نے کہا کہ مہاراج گنج کا یہ صحت مرکز سرینگر، بالخصوص ڈاؤن ٹاؤن، کے قدیم طبی اداروں میں شمار ہوتا ہے اور اس کی جڑیں مہاراجہ رنبیر سنگھ کے دور تک جاتی ہیں۔ تاہم طویل عرصے تک نظراندازی اور 2005 کے زلزلے کے بعد پرانی عمارت غیر محفوظ قرار دی گئی، جس کے نتیجے میں اسپتال نے کئی برس تک میونسپل پارک میں عارضی شیڈز سے کام کیا۔
بیوپار منڈل نے کہا کہ نئی عمارت کی تعمیر کے لئے منڈل نے متعلقہ حکام سے مسلسل رابطہ رکھا اور منصوبے کی تکمیل کے لئے کوششیں جاری رکھیں۔ منڈل نے حکام سے اپیل کی کہ مرکز کو جدید طبی بنیادی ڈھانچے، تشخیصی سہولیات، مناسب آلات، ادویات اور دیگر ضروری وسائل سے لیس کیا جائے تاکہ علاقے کی بڑی آبادی کو معیاری صحت خدمات فراہم ہوسکیں۔
منڈل نے ڈاکٹروں، نرسوں، پیرا میڈیکل عملے اور دیگر طبی اہلکاروں سے بھی اپیل کی کہ وہ مریضوں کے ساتھ ہمدردی، صبر اور احترام کے ساتھ پیش آئیں، جبکہ نئی عمارت کو عوام کے لئے بہتر اور معیاری طبی خدمات کا مرکز بنانے پر زور دیا۔


