جنگ نیوز
سرینگر/ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے محض تعلیم یافتہ لڑکیاں تیار نہیں کر رہے بلکہ بااعتماد نوجوان خواتین کی تربیت کر رہے ہیں اور یہی اعتماد جموں و کشمیر کے مستقبل کے لئے ایک خوش آئند ضمانت ہے۔
وہ راج باغ سرینگر کے پریزنٹیشن کانوینٹ ہائیر سیکنڈری اسکول کی سالانہ تقریب ’دی کلاک ٹاور کاسموس‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ، رکن اسمبلی تنویرا صادق، سسٹر گلیٹس رانی، اسکول کی پرنسپل میری جارسی اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ تعلیم کا مقصد صرف تعلیمی کامیابی نہیں بلکہ نوجوانوں میں آزادانہ سوچ، سوال کرنے اور اپنی رائے کے اظہار کی صلاحیت پیدا کرنا بھی ہے۔ انہوں نے طالبات کی خوداعتمادی، صلاحیت اور پُرسکون انداز کو جموں و کشمیر کے مستقبل کے لئے حوصلہ افزا قرار دیا۔
وزیر اعلیٰ نے طالبات کی ثقافتی پیشکشوں کو بھی سراہا، جن میں کم عمری کی شادی، خواتین کے خلاف تشدد اور دیگر سماجی مسائل کو اجاگر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کے لئے محفوظ اور مساوی ماحول فراہم کرنا والدین اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے اسکول کی 90 سالہ تعلیمی خدمات اور پریزنٹیشن جماعت کے 250 سالہ سفر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ کو مبارک باد دی۔


