جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر/شافعیہ گلفام/سرینگر کے ٹائیگورہال میں ینگ ڈرامٹسٹ سوسائٹی سرینگر کی جانب سے کشمیری اسٹیج ڈرامہ”کافی ہاؤس‘‘ کی شاندار پرفارمنس کی حاضرین نے خوب سراہنا کی اور ادا کاروں کو داد دی۔ یہ ڈرامہ مرکزی سرکار کی وزارتِ ثقافت نئی دہلی اور نیشنل اسکول آف ڈرامہ (NSD) کے تعاون سے گرو ششیہ پرمپرا (ریپرٹری گرانٹ 2025-26) کے تحت پیش کیا گیا۔ ٹائیگور ہال میں منعقدہ اس تھیٹر پیشکش کو ناظرین نے بھرپور دلچسپی سے دیکھا۔ یہ ڈرامہ معروف براڈکاسٹر اور قلم کار ڈاکٹر سوہن لال کول نے تحریر کیا ہے جبکہ ڈرامے کی ہدایات الطاف حسین نے دی۔واضح رہے کہ یہ ڈرامہ مشتاق بقال اور سید جاوید گیلانی کی نگرانی میں پیش کیا گیا جبکہ ڈرامے کی موسیقی عمران لطیف نے ترتیب دی تھی۔ ’’کافی ہاؤس‘‘ کے ذریعے روزمرہ زندگی، انسانی جذبات، خیالات، گفتگو اور معاشرتی رویوں کو تھیٹر کے مؤثر انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی۔ینگ ڈرامٹسٹ سوسائٹی سرینگر جو طویل عرصے سے تھیٹر کے فروغ اور نوجوان فنکاروں کی تربیت کے لئے سرگرم ہے کی جانب سے اس پیشکش کا مقصد کشمیری تھیٹر کو نئی توانائی فراہم کرنا اور نوجوان فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لئے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر تھیٹر سے وابستہ فنکاروں اور شائقین نے ’’کافی ہاؤس‘‘ کی پیشکش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام کشمیری زبان و ثقافت اور مقامی تھیٹر کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔


