جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر/ڈپٹی کمشنر سرینگر اکشے لبرو کی صدارت میں پیر کو ضلعی سطح کی NCORD کمیٹی کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں 100 روزہ جموں و کشمیر نشہ مکت بھارت ابھیان کے تحت ضلع میں منشیات کے خلاف جاری مہم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں SSP سرینگر ڈاکٹر سندیپ چکروورتی سمیت RTO کشمیر قاضی عرفان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عادل فرید، SP ہیڈکوارٹر عمر شاہ، جوائنٹ کمشنر SMC نزہت خورشید، IAS پروبیشنر الفریڈ تھامس، متعلقہ SDMs، چیف ایجوکیشن آفیسر، DSWO اور ایکسائز، ڈرگ کنٹرول آرگنائزیشن، DYS&S اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع کی انسدادِ منشیات حکمتِ عملی، احتیاطی اقدامات، بحالی پروگراموں اور حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے 100 روزہ جموں و کشمیر نشہ مکت ابھیان کے نتائج کا جامع جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پولیس، سول انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کی مشترکہ کارروائیوں کے نتیجے میں سرینگر میں منشیات فروشوں کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ کارروائیوں کا محور منشیات کی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو توڑنا، اس سے وابستہ مالی نظام کو مفلوج کرنا اور ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانا رہا۔
NCORD کمیٹی کو بتایا گیا کہ اب تک 169 FIRs درج کی گئی ہیں جبکہ 238 مبینہ منشیات فروش گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ منشیات کے کاروبار سے منسلک تقریباً 103 کروڑ روپے مالیت کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کی گئی ہیں اور مالی تحقیقات کے تحت 89 بینک کھاتوں کو منجمد کیا گیا ہے۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ منشیات سے متعلق خلاف ورزیوں پر 101 ڈرائیونگ لائسنس، 59 RCs اور 70 کیمسٹ لائسنس معطل کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد ملزمان کے پاسپورٹ اور آدھار نمبرز کی معطلی کی بھی متعلقہ قوانین کے تحت سفارش کی گئی ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے DC اکشے لبرو اور SSP ڈاکٹر سندیپ چکروورتی نے سول انتظامیہ، پولیس اور دیگر محکموں کی مشترکہ کوششوں کو سراہتے ہوئے ہدایت دی کہ بین المحکمہ رابطے کو مزید مضبوط بنایا جائے اور منشیات فروشوں اور اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ سرینگر کو منشیات سے پاک اور محفوظ ضلع بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ سخت قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ عوامی بیداری، مشاورت اور بحالی کے اقدامات کو بھی فروغ دیا جائے، خصوصاً نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لئے مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے، جبکہ SSP نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات سے متعلق جرائم کی نشاندہی اور اطلاع دے کر اس مہم میں پولیس کا بھرپور تعاون کریں۔


