جنگ نیوز ڈیسک
سری نگر، 22 جولائی: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے روٹری کلب آف کشمیر کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کرتے ہوئے نومنتخب صدر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ روٹری نے ایک صدی سے زائد عرصے سے بے لوث خدمت کے ذریعے انسانیت کی فلاح میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں روٹری کلب نے طبی خدمات کے ذریعے قابلِ قدر کام انجام دیا ہے، تاہم اب اسے دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کے لیے پیشہ ورانہ رہنمائی، ڈیجیٹل تعلیم اور ہنر مندی کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔
منوج سنہا نے ماحولیاتی تحفظ کو دوسری اہم ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ روٹری کلب سائنسی بنیادوں پر ماحول دوست ماڈل تیار کرے، نوجوانوں کو اس مہم میں شامل کرے اور دریاؤں، جھیلوں اور جنگلات کے تحفظ میں نمایاں کردار ادا کرے۔
انہوں نے منشیات سے پاک جموں و کشمیر مہم کو تیسری اور اہم ترین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ روٹری کلب طبی مہارت اور عوامی اعتماد سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نشہ مخالف بیداری، بحالی مراکز اور نوجوانوں کے لیے ہنر مندی پروگراموں میں سرگرم شراکت دار بنے۔ تقریب میں روٹری کلب کے عہدیداران، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، انتظامی و پولیس حکام اور ممتاز شہری بھی موجود تھے۔


