جنگ نیوز ڈیسک
سری نگر: چنار بک فیسٹیول 2026 کے چوتھے روز قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کی شائع کردہ پروفیسر شفق سوپوری کی کتاب ’’میرتقی میر کی غزلیہ شاعری کا غنائی پہلو‘‘ کی تقریبِ رونمائی اور علمی مذاکرہ منعقد ہوا۔
تقریب میں پروفیسر احمد محفوظ، پروفیسر شہاب عنایت ملک، پروفیسر محمد الطاف انجم اور مصنف پروفیسر شفق سوپوری نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کتاب کو میریات میں ایک اہم علمی اضافہ قرار دیا۔ مقررین نے کہا کہ تصنیف میں میرؔ کی غزلوں کے غنائی، عروضی اور موسیقائی پہلوؤں کا منفرد انداز میں جائزہ لیا گیا ہے۔
اس موقع پر پروفیسر شفق سوپوری نے بتایا کہ یہ کتاب سال 2024 میں منعقدہ میر سیمینار میں پیش کیے گئے ان کے تحقیقی مقالے کی توسیع ہے، جسے بعد میں کتابی صورت دی گئی۔
اس سے قبل ’’ڈیجیٹل عہد میں اردو کا مستقبل‘‘ کے عنوان سے ایک اہم مذاکرہ بھی منعقد کیا گیا، جس میں خدا بخش اورینٹل پبلک لائبریری، پٹنہ کے ڈائریکٹر پروفیسر محمد زاہد الحق اور ماہرِ تعلیم شاہد شفیع ایتو نے بطور پینلسٹ شرکت کی، جبکہ معروف آرٹسٹ اور ہیلتھ رپورٹنگ صحافی نذیر گنائی نے نظامت کی۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اردو زبان کو عصرِ حاضر کی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جدید ذرائع ابلاغ سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نئی نسل کو اپنی زبان و ادب سے مؤثر انداز میں جوڑا جا سکے۔


