سرینگر:
محکمہ موسمیات (IMD) نے جموں و کشمیر کے لیے ایک نیا الرٹ جاری کرتے ہوئے بدھ کے روز متعدد اضلاع میں بارش اور گرج چمک کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی ہے، جس کے تحت یونین ٹیریٹری کے کچھ علاقوں میں شدید سے انتہائی شدید اور مختصر مدت کی طوفانی بارش کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی کے سرینگر اسٹیشن کے مطابق، جموں، ریاسی، ادھم پور، راجوری اور پونچھ کے میدانی علاقوں میں شدید بارش اور مختصر وقت کے لیے انتہائی تیز بوچھاروں کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات سرینگر کے ایک اہلکار نے بتایا کہ رام بن، ڈوڈا، کولگام، شوپیاں، بڈگام، بارہمولہ اور کپواڑہ کے بالائی کیچمنٹ (پہاڑی) علاقوں میں بھی اس پیشگوئی کے دوران شدید بارش کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا کہ یہ موسمی سرگرمی 22 جولائی کو صبح 4:00 بجے سے دوپہر 3:30 بجے کے درمیان متوقع ہے۔
حکام نے شہریوں بالخصوص نشیبی اور حساس علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور خراب موسم کے خطرے کے پیش نظر اس دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔


