بنگلور :
کرناٹک کے ضلع کشنا کنڑ کے بانتوال علاقے میں یکطرفہ محبت کے معاملے نے ایک بار پھر خوفناک رخ اختیار کر لیا۔ 21 سالہ نوجوان خاتون لاونیا کو ایک شخص نے دن دہاڑے بس اسٹینڈ پر تلوار سے بے دردی کے ساتھ قتل کر دیا۔ واردات کے بعد فرار ہونے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا، تاہم گرفتاری سے قبل اس نے خودکشی کی کوشش کرتے ہوئے چوہے مار زہر کھا لیا۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جمعرات کی شام بی سی روڈ بس اسٹینڈ پر پیش آیا، جہاں لاونیا اپنے گھر جانے کے لیے بس کا انتظار کر رہی تھی۔ اسی دوران چیتھن نامی نوجوان وہاں پہنچا اور اچانک تلوار سے اس پر پے در پے حملے کر دیے۔ شدید زخمی ہونے کے باعث لاونیا موقع پر ہی دم توڑ گئی، جبکہ ملزم واردات انجام دینے کے بعد فرار ہو گیا
واقعہ کی ویڈیو وہاں موجود لوگوں نے اپنے موبائل فون میں ریکارڈ کر لی، جو بعد میں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم چیتھن اور مقتولہ لاونیا دور کے رشتہ دار تھے۔ چیتھن لاونیا سے یکطرفہ محبت کرتا تھا، تاہم خاتون نے اس کی محبت کو قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اسی انکار سے دلبرداشتہ ہو کر اس نے انتہائی سفاکانہ انداز میں قتل کی منصوبہ بندی کی۔
لاونیا کلڈکا کے ایک نجی اسپتال میں ملازمت کرتی تھی اور واقعے کے وقت اپنی ڈیوٹی ختم کرکے گھر واپس جا رہی تھی۔ واقعہ کے فوراً بعد ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جائے وقوعہ پر پہنچے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ پولیس نے اطراف کے علاقوں میں ناکہ بندی کر کے ملزم کی تلاش شروع کی۔
پولیس کے مطابق جب چیتھن کو احساس ہوا کہ وہ جلد گرفتار ہو جائے گا تو اس نے خودکشی کی نیت سے چوہے مار زہر کھا لیا۔ بعد ازاں پولیس نے اسے حراست میں لے کر سرکاری اسپتال منتقل کیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ اسپتال میں اس کی نگرانی کے لیے پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔


