جنگ نیوز ڈیسک
بارہمولہ/نرواؤ اسپورٹس ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام جہلم کپ کے فائنل میں کچہامہ شاہینز نے فتح گڑھ الیون کو 62 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
کچہامہ شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 214 رنز بنائے۔ راشد منظور نے ناقابلِ شکست 78 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر پلیئر آف دی فائنل کا اعزاز حاصل کیا۔ جواب میں فتح گڑھ الیون 152 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی انجینئر ملک یاسین حسن تھے، جنہوں نے فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کی۔ کھیلوں اور سماجی خدمات کے اعتراف میں انہیں بھی خصوصی اعزاز سے نوازا گیا، جبکہ دیگر مہمانوں کو یادگاری ٹرافیاں پیش کی گئیں۔
اس موقع پر منتظمین نے کامیاب انعقاد پر تمام ٹیموں، رضاکاروں اور شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فاتح ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔


