جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر، 10 جولائی: کشمیر یونیورسٹی کے شعبۂ طلبہ بہبود (DSW) کے اسپیشل سیل کی جانب سے "نشہ مُکت جموں و کشمیر ابھیان” کے تحت خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد کے لیے ایک خصوصی میراتھن کا انعقاد کیا گیا۔
میراتھن کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر نیلوفر خان نے مولانا رومی گیٹ سے ابنِ خلدون آڈیٹوریم تک کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی خصوصی افراد کے لیے مساوی تعلیمی مواقع، بہتر سہولیات اور معاون نظام کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے، جبکہ ایسی سرگرمیوں کا مقصد صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا اور منشیات سے پاک معاشرے کا شعور بیدار کرنا ہے۔
رجسٹرار پروفیسر نصیر اقبال نے کہا کہ جامعہ ہر طالب علم کے لیے جامع اور معاون تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ ڈین شعبۂ طلبہ بہبود پروفیسر سیما سنگھ نے تقریب کو جامعہ کی شمولیتی پالیسی کا مظہر قرار دیا۔
میراتھن میں خصوصی افراد نے بھرپور جوش و خروش سے شرکت کی، جبکہ اختتام پر تمام شرکاء میں اسناد اور تمغے تقسیم کیےگئے۔


