جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر، یکم جولائی: چیف پرنسپل مردم شماری افسر (CPCO) اور ڈائریکٹر مردم شماری آپریشنز امیت شرما نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر اور لداخ میں مردم شماری 2027 کے پہلے مرحلے، ہاؤس لسٹنگ آپریشن، کو کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یکم سے 30 جون تک جاری رہنے والی یہ مشق پہلی بار مکمل طور پر ڈیجیٹل اور پیپر لیس انداز میں انجام دی گئی۔
امیت شرما کے مطابق جموں و کشمیر میں 24071 ہاؤس لسٹنگ بلاکس اور لداخ میں 567 بلاکس کا احاطہ کیا گیا، جبکہ شہری، دیہی، سرحدی، قبائلی اور دور دراز علاقوں میں بھی مکمل مردم شماری کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں 67.6لاکھ سے زائد اور لداخ میں 7009 خاندانوں نے خود آن لائن اندراج بھی کیا۔
انہوں نے بتایا کہ مردم شماری کے اگلے مرحلے کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں۔ برف پوش علاقوں میں آبادی کا اندراج ستمبر 2026 سے جبکہ دیگر علاقوں میں فروری 2027 میں کیا جائے گا۔


