جنگ نیوز
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو سول سوسائٹی، تاجر برادری اور مختلف مذاہب کے رہنماؤں سے ملاقات کر کے آئندہ شری امرناتھ جی یاترا کے انتظامات پر تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے عوام سے یاترا کے کامیاب انعقاد میں بھرپور تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقدس سفر سماجی ہم آہنگی، ایثار، مہمان نوازی اور انسان دوستی کی علامت ہے۔
منوج سنہا نے کہا کہ 3 جولائی سے 28 اگست تک جاری رہنے والی یاترا کو عقیدت، اتحاد اور خدمت کی بہترین مثال بنایا جائے تاکہ ہر زائر کو احترام، تحفظ اور خوشگوار روحانی تجربہ حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران SASB اور دیگر متعلقہ اداروں نے بنیادی ڈھانچے، سڑکوں، مواصلاتی نظام، صحت اور دیگر سہولیات میں نمایاں بہتری لائی ہے۔
اجلاس میں شریک سول سوسائٹی، مذہبی و تجارتی تنظیموں کے نمائندوں نے یاترا کے کامیاب انعقاد کے لئے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور انتظامیہ و SASB کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو سراہا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے یقین دہانی کرائی کہ موصول ہونے والی تمام مفید تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔


