جنگ نیوز
سرینگر/لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج لوک بھون میںجموں کشمیر اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگوئجز کی مرکزی کمیٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری اٹل ڈولو، ایڈیشنل چیف سیکریٹری فائنانس شیلندر کمار، پرنسپل سیکریٹری کلچر برج موہن شرما، کمشنر سیکریٹری ہائر ایجوکیشن رام نیواس شرما، سیکریٹری ہروِندر کور ، قلمکار ستیش ومل سمیت متعدد اعلیٰ افسران اور ماہرین نے شرکت کی۔
مرکزی کمیٹی نے خطاطی کورس جاری رکھنے، مالی سال 2026-27 کے اخراجاتی منصوبے اور جموں و کشمیر کی پانچوں سرکاری زبانوں پر مشتمل نئے اکیڈمی لوگو کی تیاری سمیت کئی اہم تجاویز کو اصولی منظوری دی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اکیڈمی کی تمام لائبریریوں کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کرنے، فنکاروں اور عملے کی صلاحیت سازی کیلئے جامع منصوبہ تیار کرنے اور خالی اسامیوں کو پُر کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے فنکاروں کی منظوری کے عمل کو جلد مکمل کرنے پر بھی زور دیا۔
منوج سنہا نے کہا کہ نوجوانوں کو ثقافتی سرگرمیوں سے جوڑنے کیلئے محکمہ تعلیم، کھیل اور ثقافت کے اشتراک سے جامع حکمت عملی تیار کی جانی چاہیے۔ انہوں نے وندے ماترم پروگرام میں کلچر اکیڈمی کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اکیڈمی نے جموں، کشمیر اور ملک کے مختلف حصوں میں 470 سے زائد پروگرام منعقد کیے جن میں 14 ہزار سے زائد فنکاروں اور ادیبوں نے حصہ لیا۔ مزید بتایا گیا کہ جے اینڈ کے جھانکی نے یوم جمہوریہ پریڈ 2026 میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے 24 برس بعد قومی سطح پر اہم کامیابی درج کی۔
اس موقع پر شینا اردو لغت اور اکیڈمی کی سالانہ رپورٹ بھی جاری کی گئی۔


