
بلال بشیر بٹ
مدیر اعلیٰ ، سری نگر جنگ
آج21 اپریل 2026 کو ہم پہلگام دہشت گردانہ حملے میں جاںبحق نہتے سیاحوں کی پہلی برسی منا رہے ہیں۔ وقت گزر ضرور گیا ہے، مگر دلوں پر لگے زخم ابھی تک تازہ ہیں۔ ہم بھولے نہیں ہیں، نہ ان معصوم جانوں کو جو اس اندوہناک واقعے میں ہم سے جدا ہو گئیں، اور نہ ہی اس دکھ کو جو پوری وادی کے سینے میں ہمیشہ کے لئے پیوست ہو گیا۔ یہ دن صرف یاد کا نہیں، بلکہ عہد کا دن ہے۔عہد اس بات کا کہ ہم ظلم کے سامنے خاموش نہیں رہیں گے اور نہ ہی اپنے اجتماعی دکھ کو فراموش کریں گے۔
پہلگام کی حسین وادی، جو کبھی سکون، سیاحت اور مسکراہٹوں کی علامت تھی، اس دن ایک ایسے سانحے کی گواہ بنی جس نے ہر حساس دل کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ فضا میں گونجتی ہنسی اچانک چیخوں میں بدل گئی، اور قدرتی حسن پر ایک ایسا سایہ چھا گیا جسے الفاظ میں بیان کرنا آسان نہیں۔ یہ حملہ صرف چند افراد پر نہیں تھا، بلکہ انسانیت، امن اور باہمی ہم آہنگی پر حملہ تھا۔
ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان مہلوکین کی یاد کو زندہ رکھیں، ان کے خاندانوں کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھیں، اور ایسے واقعات کے خلاف متحد ہو کر کھڑے ہوں۔ یاد رکھنا ہی مزاحمت کی پہلی سیڑھی ہے، اور فراموشی ظلم کو تقویت دیتی ہے۔ آج کا دن ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم اپنے ماضی سے سبق سیکھیں، حال کو سنبھالیں اور مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے سنجیدہ کوشش کریں۔
ہم بھولے نہیں ہیں،یہ صرف ایک جملہ نہیں، بلکہ ایک عہد، ایک احساس اور ایک اجتماعی شعور کی آواز ہے، جو وقت کے ساتھ مدھم نہیں ہوگی بلکہ مزید مضبوط ہوتی جائے گی۔


