
یوسف شمسی
اکیسویں صدی کو اگر معلومات، شفافیت اور انسانی حقوق کا دور کہا جاتا ہے تو یہ سوال بھی پوری شدت سے سامنے آتا ہے کہ پھر طاقتور طبقات کے جرائم اتنے طویل عرصے تک نظروں سے اوجھل کیسے رہے؟ تاریخ بار بار یہ ثابت کرتی ہے کہ جب دولت، اقتدار اور اثر و رسوخ ایک دوسرے سے جڑ جائیں تو قانون اکثر کمزور پڑ جاتا ہے اور انصاف محض ایک نعرہ بن کر رہ جاتا ہے۔
اکیسویں صدی کے سب سے ہولناک اور پیچیدہ اخلاقی و قانونی اسکینڈلز میں اگر کسی ایک نام نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا ہے تو وہ امریکی سرمایہ کار اور سزا یافتہ طفلی جنسی مجرم جیفری ایپسٹین ہے۔ اس کی زندگی، اس کا غیر معمولی اثر و رسوخ، طاقتور ترین حلقوں تک رسائی اور پھر جیل کی کوٹھری میں اس کی پراسرار موت—یہ سب محض ایک فرد کی کہانی نہیں بلکہ اس نظام کا نوحہ ہے جس میں دولت اور طاقت قانون سے بالاتر ہو جائیں۔
سمندر کے بیچ واقع ایک خاموش جزیرہ، جسے دنیا "پیڈوفائل آئی لینڈ” یا عیاشی کا جزیرہ کہتی رہی، اور ایک نجی طیارہ جسے ’”لولیتا ایکسپریس” کے نام سے جانا گیا—یہ دونوں ایپسٹین کے اس خفیہ نیٹ ورک کی علامت بن گئے جہاں معصومیت کی قیمت لگتی تھی اور قانون بے بس نظر آتا تھا۔ ان بند کمروں میں غریب اور کمزور پس منظر سے تعلق رکھنے والی 14 سے 17 برس کی لڑکیوں کو ایک منظم نظام کے تحت لایا جاتا، جہاں ہوس، طاقت اور بلیک میلنگ کا گھناؤنا کھیل کھیلا جاتا تھا۔
جیفری ایپسٹین کا پس منظر بظاہر غیر معمولی نہیں تھا۔ نیویارک کے ایک متوسط گھرانے میں پیدا ہونے والا یہ شخص اپنے کیریئر کا آغاز ایک اسکول میں ریاضی کے استاد کے طور پر کرتا ہے، مگر چند ہی برسوں میں وہ وال اسٹریٹ کے بااثر حلقوں میں شامل ہو جاتا ہے۔ بغیر کسی نمایاں تعلیمی ڈگری کے عالمی مالیاتی دنیا میں قدم جمانا آج بھی ایک معمہ ہے۔ یہی پراسرار سفر اسے عالمی سیاستدانوں، شاہی خاندانوں، ارب پتی صنعت کاروں اور ہالی ووڈ کے ستاروں تک لے جاتا ہے۔
اس پورے نیٹ ورک میں ایک کلیدی کردار غسلین میکسویل کا تھا، جو برطانوی میڈیا ٹائیکون رابرٹ میکسویل کی بیٹی تھی۔ اپنے والد کی موت کے بعد غسلین نے ایپسٹین کے لیے وہ تمام دروازے کھول دیے جو عام انسانوں کے لیے بند ہوتے ہیں۔ متاثرہ لڑکیوں کے بیانات کے مطابق، کم عمر لڑکیوں کو بھرتی کرنے، ان پر دباؤ ڈالنے اور طاقتور افراد تک پہنچانے کا انتظام وہی کرتی تھی۔ بعد ازاں امریکی عدالت نے اسے انسانی اسمگلنگ اور جنسی جرائم میں معاونت کے جرم میں سزا سنائی، جو اس منظم استحصال کی ایک بڑی تصدیق تھی۔
ایپسٹین کے تعلقات کی فہرست حیران کن حد تک طویل ہے۔ سابق امریکی صدور، بااثر سیاستدان، عالمی کارپوریٹ سربراہان، مشہور سائنس دان اور تفریحی دنیا کے بڑے نام—سب کسی نہ کسی مرحلے پر اس کے رابطے میں آئے۔ تاہم قانونی ماہرین اس نکتے پر زور دیتے ہیں کہ کسی کا نام سامنے آ جانا لازمی طور پر جرم کا ثبوت نہیں، اصل سوال یہ ہے کہ کن افراد نے ان جرائم میں براہِ راست یا بالواسطہ کردار ادا کیا۔
ایپسٹین کی کہانی کا سب سے چونکا دینے والا پہلو اس کا قانون سے بار بار بچ نکلنا تھا۔ 2008 میں فلوریڈا میں اس کے خلاف ٹھوس شواہد موجود تھے، مگر طاقتور وکلا، سیاسی اثر و رسوخ اور خفیہ معاہدوں کے ذریعے ممکنہ عمر قید کو محض 13 ماہ کی نرم سزا میں بدل دیا گیا۔ یہ واقعہ امریکی عدالتی نظام پر ایک گہرا سوالیہ نشان بن کر ابھرا اور یہ ثابت ہوا کہ قانون سب کے لیے یکساں نہیں۔
بالآخر 2019 میں نیویارک میں اس کی دوبارہ گرفتاری ہوئی۔ اس بار الزامات زیادہ سنگین تھے اور امید بندھی کہ شاید متاثرہ لڑکیوں کو انصاف مل سکے گا، مگر ٹرائل شروع ہونے سے پہلے ہی ایپسٹین جیل میں مردہ پایا گیا۔ سرکاری طور پر اسے خودکشی قرار دیا گیا، مگر جیل کے کیمروں کا خراب ہونا، نگرانی میں غفلت اور دیگر شواہد نے دنیا بھر میں شکوک و شبہات کو جنم دیا۔ آج بھی بہت سے لوگ یہ ماننے کو تیار نہیں کہ یہ محض ایک خودکشی تھی۔
ایپسٹین کی موت کے بعد اصل بھونچال اس وقت آیا جب متاثرین کی طویل قانونی جدوجہد کے نتیجے میں وہ دستاویزات منظرِ عام پر آئیں جنہیں آج ’’ایپسٹین فائلز‘‘ کہا جاتا ہے۔ ان فائلوں میں گواہیوں، ای میلز، مالی ریکارڈز اور عدالتی بیانات کی صورت میں ایک پورا نظام بے نقاب ہوتا ہے۔ برطانوی شہزادے اینڈریو پر براہِ راست الزامات اور دیگر عالمی شخصیات کے ناموں کا تذکرہ انہی دستاویزات کا حصہ ہے۔
حالیہ دنوں میں امریکی محکمۂ انصاف کی جانب سے ایپسٹین سے متعلق تقریباً چھ ملین سے زائد صفحات پر مشتمل دستاویزات، ایک لاکھ 80 ہزار تصاویر اور دو ہزار ویڈیوز پر مشتمل مواد کے منظرِ عام پر آنے نے ایک بار پھر عالمی سطح پر ہلچل مچا دی ہے۔ ان دستاویزات میں 150 سے زائد افراد کے نام کسی نہ کسی شکل میں شامل ہیں۔ قانونی ماہرین کے مطابق ان ناموں کا سامنے آنا براہِ راست مجرمانہ شمولیت کا ثبوت نہیں، مگر یہ ضرور ظاہر کرتا ہے کہ ایپسٹین کی رسائی کس قدر طاقتور حلقوں تک تھی۔
ان فائلوں میں برطانوی شہزادہ پرنس اینڈریو، سابق امریکی صدر بل کلنٹن، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس، معروف سائنس دان اسٹیفن ہاکنگ، گلوکار مائیکل جیکسن اور جادوگر ڈیوڈ کاپرفیلڈ سمیت ہالی ووڈ اور فیشن انڈسٹری سے وابستہ متعدد شخصیات کے نام مختلف حوالوں سے درج ہیں۔ کئی افراد نے الزامات کی تردید کی، جبکہ بعض معاملات عدالت سے باہر تصفیے پر منتج ہوئے۔
ماہرینِ قانون اس بات پر متفق ہیں کہ ان ناموں کی اشاعت کا مقصد فوری فیصلے سنانا نہیں بلکہ شفاف اور غیر جانب دار تحقیقات کی راہ ہموار کرنا ہے، تاکہ یہ طے ہو سکے کہ کون محض جان پہچان رکھتا تھا اور کون واقعی اس مکروہ نظام کا حصہ تھا۔ یہ دستاویزات اس حقیقت کو بھی بے نقاب کرتی ہیں کہ کس طرح ’’نان ڈسکلوژر ایگریمنٹس‘‘ اور خطیر رقوم کے ذریعے برسوں تک سچ کو دبایا جاتا رہا۔
تحقیقات کے دوران بعض ایسے پہلو بھی سامنے آئے جنہوں نے قیاس آرائیوں کو جنم دیا، مثلاً جزیرے پر موجود عجیب تعمیرات یا مشکوک مالی کھاتے۔ اگرچہ ان دعوؤں کا کوئی ٹھوس عدالتی ثبوت سامنے نہیں آیا، مگر یہ سوال اپنی جگہ قائم ہے کہ اتنا پیچیدہ مالیاتی اور سماجی نیٹ ورک کس حد تک منظم اور طاقتور تھا۔
ایپسٹین فائلز ہمیں یہ سبق دیتی ہیں کہ ڈیجیٹل دور میں سچ کو ہمیشہ کے لیے دفن کرنا ممکن نہیں۔ آج نہیں تو کل، شواہد سامنے آ ہی جاتے ہیں۔ یہ اسکینڈل محض ایک فرد یا چند ناموں کا معاملہ نہیں بلکہ اس عالمی نظام کا آئینہ ہے جہاں دولت اور طاقت کمزوروں کے حقوق کو روند ڈالتی ہے۔
آج اصل سوال یہ نہیں کہ کون محفوظ ہے، بلکہ یہ ہے کہ کب تک؟ کیونکہ ایپسٹین فائلز کا کھلنا اس بھیانک حقیقت کی محض شروعات ہے، انجام نہیں۔
ززز


