جنگ نیوز ڈیسک
سری نگر/نڈین ہیون پریمیئر لیگ (IHPL) نے جمعرات کو اعلان کیا کہ اس کا پہلا ٹی-20 کرکٹ سیزن 23 اکتوبر سے سری نگر کےبخشی اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔
منتظمین کے مطابق یہ ٹورنامنٹ 7 نومبر تک جاری رہے گا اور اس میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں مقامی کھلاڑیوں کے ساتھ قومی اور بین الاقوامی سطح کے کرکٹر بھی شامل ہوں گے۔
سری نگر کے ریڈیسن کلیکشن میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا، جہاں لیگ کا فارمیٹ اور حکمتِ عملی پیش کی گئی۔
سابق بھارتی کرکٹر اور لیگ کے مینٹور، سریندر کھنہ نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایچ پی ایل کا مقصد جموں و کشمیر کے ابھرتے ہوئے کرکٹ ٹیلنٹ کی پرورش کرنا ہے، تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو تجربہ کار ملکی و غیر ملکی کرکٹرز سے رہنمائی مل سکے۔
اسی دوران منتظمین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کشمیر ایک بڑا اسپورٹس سنگِ میل طے کرنے جا رہا ہے، کیونکہ آئی ایچ پی ایل کا پہلا دو ہفتوں پر مشتمل ٹی-20 ٹورنامنٹ اگلے مہینے شروع ہوگا جس میں بین الاقوامی کھلاڑی، سابق رنجی کھلاڑی اور مقامی ٹیلنٹ شامل ہوں گے۔
لیگ کے صدر اور سابق کرکٹر آشو دانی نے ٹورنامنٹ کے ڈھانچے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہر ٹیم پانچ لیگ میچ کھیلے گی اور بہترین ٹیمیں سیمی فائنل اور گرینڈ فائنل تک پہنچیں گی۔
یووا سوسائٹی کے چیئرمین اور آئی ایچ پی ایل کے منتظم پرمندر سنگھ نے کہا کہ یہ لیگ نہ صرف نوجوانوں کو بااختیار بنائے گی بلکہ کھیلوں کے مجموعی منظرنامے کو بہتر کرے گی اور سیاحوں کو بھی جموں و کشمیر کی طرف راغب کرے گی۔”


