جنگ نیوز
سرینگر/زونل پولیس ہیڈکوارٹر کشمیر نے آج سرینگر میں شہری مرکز بیٹ پولیسنگ سے متعلق تیسری تھانہ و پولیس چوکی سطح کی کانفرنس منعقد کی، جس میں نچلی سطح پر پولیسنگ کو مضبوط بنانے، عوامی اعتماد بڑھانے اور پولیس خدمات کو مزید قابل رسائی و جوابدہ بنانے پر زور دیا گیا۔
کانفرنس میں تمام ایس ایچ اوز، ایس ڈی پی اوز، زونل ایس پیز، ضلعی ایس ایس پیز اور رینج ڈی آئی جیز نے آن لائن شرکت کی۔
اجلاس میں روایتی بیٹ پولیسنگ کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ، فعال اور عوامی ضروریات پر مبنی نظام میں تبدیل کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا، تاکہ ہر تھانہ اور پولیس چوکی جرائم کی روک تھام، عوامی خدمت، شکایات کے ازالے اور کمیونٹی رابطے کا مؤثر مرکز بن سکے۔
اس موقع پر سمارٹ پولیسنگ کے تحت جدید ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ تربیت، مستعدی، حساسیت اور عوامی اعتماد کو پولیسنگ کا بنیادی معیار قرار دیا گیا۔ زور دیا گیا کہ پولیس کی کارکردگی محض کارروائیوں اور اعدادوشمار سے نہیں بلکہ عوام کے اعتماد، اطمینان اور تحفظ کے احساس سے بھی جانچی جانی چاہیے۔
کانفرنس میں اس بات پر خصوصی تاکید کی گئی کہ ہر تھانہ اور پولیس چوکی ایسا خوشگوار اور قابل رسائی ادارہ بنے جہاں بالخصوص کمزور طبقوں کو عزت و احترام کے ساتھ بروقت مدد اور انصاف تک رسائی حاصل ہو۔
کشمیر زون پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت، تکنیکی جدت اور عوامی اشتراک کے ذریعے نچلی سطح پر پولیسنگ میں معیاری تبدیلی لانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نظام کو امن و قانون کے قیام کے ساتھ عوام کی روزمرہ ضروریات کے لئے بھی ہمدرد، مؤثر اور جوابدہ بنایا جائے گا۔


