طفیل مگسی
*ہم معلوم کو علم کہتے ہیں ، حالانکہ نامعلوم اور لامعلوم بھی علم ہے ، اُتنا ہی اہم جتنا معلوم ۔ اگر ہم یہ کہہ دیں کہ معلوم کی نفی کا نام علم ہے ، تو علم کی تعریف صرف یہ ہو سکتی ہے کہ اپنی لاعلمی کے احساس کا نام علم ہے ۔ جتنا معلوم زیادہ ہو گا ، اتنا ہی احساسِ لا علمی زیادہ ہو گا ۔ اس لئے جاننے والے اکثر یہی کہتے رہے کہ وہ کچھ نہیں جانتے۔
کائنات میں اتنے علوم ہیں کہ ان کی اقسام گنوانا دشوار اور ناممکن ہے ۔ کچھ چیزوں کے بارے میں بہت کچھ جاننا ممکن ہے ۔ بہت سی چیزوں کے بارے میں کچھ کچھ جاننا ممکن ہے ۔ سب چیزوں کے بارے میں سب کچھ جاننا ناممکن ہے ۔
دراصل علم معلوم سے نجات کا نام ہے ۔ یادداشت کا تعلق ماضی سے ہے اور ماضی کی حاصل کردہ معلومات حال کا علم نہیں ہو سکتا ۔ آج کی کثیرالمقاصد زندگی میں یادداشت کا محفوظ رہنا ناممکن سا ہے ۔ ہمارا حافظہ ترجیحات کے بدلتے ہی کمزور ہونا شروع ہو جاتا ہے اور اس طرح وہ معلوم یا انفارمیشن ، جو حافظے میں ہوتی ہے ، دھندلا جاتی ہے ۔ زندگی کے پہیم انقلابات ، حادثات اور سانحات حافظے کو مفلوج کر دیتے ہیں اور حافظے کا علم حافظے سے باہر ہو جاتا ہے ۔ اکثر ایسا ہوتا آیا ہے کہ کسی مصنف کو اپنی ہی تصنیف کچھ عرصہ بعد اجنبی سی لگتی ہے ۔ انسانی حافظے کا یہ عالم ہے کہ انسان کو پُرانے چہرے تو یاد رہتے ہیں ، پُرانے دوستوں کے نام بھول جاتے ہیں ۔ اپنی آنکھوں سے گزرے ہوئے جلوے بھول جاتے ہیں ۔ انسان موت دیکھے تو زندگی بھول جاتی ہے ، زندگی دیکھے تو موت یاد نہیں رہتی ۔ آج کا انسان کمپیوٹر میں یادداشت محفوظ کرتا ہے اور کمپیوٹر سے علم لینے والا خود ہی ایک کمپیوٹر بن کے رہ جاتا ہے ۔
علم لائبریریوں سے دست بردار ہونے کا نام ہے ۔ لائبریریاں بلا شبہ معلومات کا خزانہ ہیں ۔ کتابوں کا مطالعہ ایک اعلیٰ مصروفیت ہے ، لیکن کتاب زندگی نہیں ہے ۔ زندگی آنکھوں کے سامنے سے گزر رہی ہے ۔ زندگی سانس کی نازک ڈوری ہے ۔ پل پل کٹتی جا رہی ہے ۔ زندگی اپنے گرد و پیش کی حرکات و اعمال کا نام ہے ۔ سکالر زندگی کے میدان میں کمزور رہ جاتا ہے ، علم کتاب کا نام نہیں ۔ کتاب حقیقت کا عکس تو ہے لیکن حقیقت کے برعکس ہے ۔ حقیقت کا ذکر کتاب میں ہے اور حقیقت کا مشاہدہ کتاب سے باہر ہے ۔ نظارہ علم کا نہیں ، نظر کا محتاج ہے بلکہ اندازِ نظر کا محتاج ہے ۔ زاویہء نظر بدل جائے تو منظر اور پس منظر بدل جاتے ہیں ، لیکن کتاب نہیں بدلتی ۔ کتاب کا نہ بدلنا اس کا حُسن ہے اور زندگی کا بدلتے رہنا اس کا جمال ہے ۔ کتاب زندگی کے خد و خال واضح کرتی ہے ، لیکن زندگی کا لطف زندگی کے قرب میں ہے ، کتاب کے تقرب میں نہیں ۔
مقدس کتابیں نازل فرمانے والے نے زندگی بھی نازل فرمائی ہے ۔ حسن بھی نازل فرمایا ہے ۔ بینائی بھی عطا فرمائی ہے ۔ نظاروں کی رعنائی بھی نازل فرمائی ہے ۔ کتاب قانون ہے ، پہچان کا لیکن پہچان کتاب کی نہیں ، کتاب بھیجنے والے کی درکار ہے ۔ کتابِ فطرت کا مطالعہ ضروری ہے ۔ علم کتاب سے نہیں ، نصیب سے ملتا ہے ۔
سورج کے پاس علم نہیں ، روشن نصیب ہے ۔ علم بادِ صبح گاہی اور آہِ سحر گاہی سے ملتا ہے ۔ تحیّر سے ملتا ہے ۔ تعلق سے ملتا ہے اور تقرب سے ملتا ہے ۔ کتاب کا علم فیضِ نظر تک نہیں پہنچا سکتا ۔ ایک معمعولی سا کھِلنے والا پھول علم دے سکتا ہے ۔
شبِ تاریک کی گہرائیوں میں آنکھ سے ٹپکنے والے آنسو علم کے خزانے عطا کرتے ہیں ۔ اللہ کا فضل ہی انشراحِ صدر عطا فرماتا ہے ۔ ہر عارف عالم ہوتا ہے اور ضروری نہیں کہ ہر عالم عارف بھی ہو ۔ بغیر تزکیہ کے کتاب کا علم خطرے سے خالی نہیں ۔ شیکسپئیر اور غالب کو پڑھنے والا نہ ویسا ڈرامہ لکھ سکتا ہے نہ ویسا شعر کہہ سکتا ہے ۔ غزالیؒ کو پڑھنا بجا ، لیکن یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ غزالی ؒ نے کسی کو پڑھ کر یہ رتبہ نہیں پایا ۔ علم کوشش سے نہیں مقدر سے ملتا ہے ۔ علم اس وقت تک حاصل نہیں ہوتا ، جب تک کوئی عطا کرنے والا نہ ہو ۔ علم نگاہ سے ملتا ہے ، کتاب سے نہیں ۔ علم کا مخرج "نگاہ” ہے اور اس کا مدفن کتاب ۔
تعلیم بھی علم نہیں ۔ تعلیم کا تعلق ڈگری سے ہے ۔ علم ڈگریوں اور یونیورسٹیوں سے بے نیاز ہے ۔ جن لوگوں کی کتابیں یونیورسٹی میں پڑھائی جاتی ہیں ، وہ خود کس یونیورسٹی کے طالب علم تھے؟ تعلیم ضروری ہے ، نوکری کے لئے ۔ نوکری ضروری ہے ، حصولِ رزق اور سماجی مرتبہ کے لئے ، لیکن علم نوکری نہیں ، علم روٹی نہیں ، علم حکومت نہیں ۔ علم پہچان ہے ، عرفان ہے ۔ ضرورت کا علم اور شے ہے ، علم کی ضرورت اور شے ۔
آج کی تعلیم ، عیاں راچہ بیاں ۔ آج ہی نتیجہ دے رہی ہے ۔ طالب علموں کے حالات ، تعلیم کے ناقص ہونے کا ثبوت ہے ۔ آج کا طالب علم ، علم سے بیزار ہے ۔ آج وہ استاد کہاں ملیں گے ، جو طالب علموں کو فیضِ نگاہ سے آدابِ فرزندی سکھاتے تھے ۔ آج کے طالب علم سے آج کی تعلیم نے علم کی محبت چھین لی ہے ۔ ابھی وقت ہے ۔ پانی سَر سے نہیں گزرا ۔ اس کا تدارک ہونا چاہیے ۔ بدعلمی سے بے علمی بہتر ہے ۔
پیغمبروں کے پاس تعلیم نہیں ، علم ہوتا ہے ، بلکہ مکمل علم ہوتا ہے ۔ زمانے کے معلم مکتب سے نہیں ، رحمان سے علم حاصل کرتے ہیں ۔
آج ہمیں اُسی علم کی ضرورت ہے ۔ وہی ہماری اساس ہے اور وہی عاقبت ۔ ہمیں زندگی کا علم چاہیے اور مابعد کا علم بھی چاہیے ۔ ہمیں ظاہر کے علم کی ضرورت بھی ہے اور باطن کے علم کی بھی ۔ ہمیں معلوم ہونا چاہیے کہ چند روزہ زندگی میں بہت کچھ حاصل کرنا ہے اور پھر اسے چھوڑنا بھی ہے ۔ پھیلنا بھی ہے ، سمٹنا ہے ۔ آج کے تعلیمی اداروں سے محمد بن قاسم پیدا نہیں ہو سکتے ۔ یہی تعلیم کا المیہ ہے کہ تعلیم تلاشِ روزگار کے لئے ہے ، تقربِ پروردگار کے لئے نہیں ۔
ہم اُمی رسولﷺ کی اُمت ہیں ۔ ہمیں بے جہت اور بے سمت تعلیم کہاں لے جائے گی ۔ مغربی تعلیم اسلامی نتیجہ کیسے پیدا کرے گی ۔ اور اسلام کی تعلیم بھی اسلام نہیں ۔ اسلام عمل ہے ۔ اسلام بتانے والی بات نہیں ، کرنے والا کام ہے ۔
بہرحال علم اس کی عطا ہے ، جس نے زندگی عطا فرمائی ۔ عطا کو حاصل کرنے کے لئے دعا کے علاوہ کیا ہو سکتا ہے ۔ معلومات اور انفارمیشن کا علم آزمائش میں پُورا نہیں اتر سکتا ۔ کشتی کے مسافروں کو” صرف و نحو ” کی ضرورت نہیں ، انہیں تیرنا بھی آنا چاہیے ۔
علم کو نُور بھی کہا گیا ہے اور حجابِ اکبر بھی ۔ نُور اس لئے کہ علم پہچان کا ذریعہ ہے ۔ آگہی اور ادراک کا باعث ہے ۔ اسماء و اشیاء کا شعور ہے ۔ ہمیں علم کی پہچان نہیں بلکہ مالک کی پہچان درکار ہے ۔ خالق کو جاننا ہے ۔ اپنے رازق سے باخبر ہونا ہے ۔ کائنات کی نیرنگیوں سے لطف اندوز ہونا ہے ۔ حیات و مرگ کے رموز دریافت کرنا ہیں ۔ وہ علم جو ہمیں ان سے آگاہ کرے، نورانی ہے ۔ نورانی علم صرف یہ نہیں بتاتا کہ سبزہ و گُل کہاں سے آتے ہیں ، بلکہ وہ علم ہمیں یہ بھی بتاتا ہے کہ بیج کو مٹی کی تاریکی میں کون پالتا ہے ۔ نورانی علم نِشانِ منزل کا علم ہے ۔ تزکیہ و حکمت کا علم ہے ۔ اُلجھنوں سے نجات کا علم ہے ۔ کیف و وجدان کا علم ہے ۔ سراسر رحمان کا علم ہے ۔
جس علم سے غرور پیدا ہو ، اسے حجاب کہا گیا ہے ۔ جو علم نگاہ سے محروم ہو ، وہ حجاب ہے ۔ جو تعلق سے گریزاں ہو ، وہ علم حجاب ہے ۔ جو اپنی انا کے خول سے باہر نہ نکلے ، وہ علم حجاب ہے ۔ ابو جہل کے پاس علم تھا ، لیکن نگاہ نہ تھی ۔ اگر نظر نہ ہو تو علم جہالت سے بدتر ہے ۔ انسان معلوم پر نازاں ہوتا ہے اور اسے معلوم نہیں ہوتا کہ وہ ہمہ وقت نامعلوم کی زد میں ہے ۔ وہ خوش ہوتا ہے کہ اس کی دولت بڑھتی جا رہی ہے اور وہ بھول جاتا ہے کہ اس کی عمر گھٹتی جا رہی ہے ، کٹتی جا رہی ہے ۔ ایسے علم سے توبہ بہتر ہے ، جو صاحب ِ علم کو نفع نہ دے ۔
علم اگر خود آگہی کے قریب کرے تو نور ، ورنہ حجاب ۔ زیادہ جاننے کا غرور اگر نہ جاننے کی عاجزی میں بدل جائے تو حجاب اٹھ جاتا ہے ۔ فنا کا علم حجاب ہے ، بقا کا علم نور ۔ اگر علم کا مدعا خوشنودئ خلق ہے تو حجاب اور اگر علم کا منشاء رضائے حق ہے تو نور ، بلکہ نورُٗعلیٰ نور ۔


