ریت پانی کے بعد دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ استعمال ہونے والا قدرتی وسیلہ ہے، لیکن بھارت میں تعمیراتی شعبے کی بڑھتی طلب نے دریاؤں سے ریت کے بے دریغ اخراج کو سنگین ماحولیاتی مسئلہ بنا دیا ہے۔ غیر قانونی کان کنی سے دریاؤں کی تہہ گہری اور چوڑی ہو رہی ہے، کنارے غیر مستحکم ہو رہے ہیں اور پانی کے قدرتی بہاؤ میں خلل پڑ رہا ہے۔ سپریم کورٹ کی بارہا ہدایات کے باوجود ریاستی حکومتیں اس غیر قانونی سرگرمی پر قابو پانے میں ناکام رہی ہیں۔
ملک میں ریت کی طلب اور رسد کے درمیان تقریباً 40 فیصد کا فرق غیر قانونی کان کنی کو مزید ہوا دے رہا ہے۔ ایسے میں مرکزی بااختیار کمیٹی کی یہ تجویز اہمیت رکھتی ہے کہ اگلے 3 برسوں میں دریاؤں کے فعال بہاؤ والے حصوں سے ریت نکالنے کا عمل مرحلہ وار بند کیا جائے اور متبادل ذرائع تلاش کیے جائیں۔ کمیٹی نے ڈیموں اور آبی ذخائر سے گاد اور ریت نکالنے کی بھی سفارش کی ہے، جس سے ذخیرۂ آب کی گنجائش بڑھانے اور تعمیراتی شعبے کے لئے متبادل مواد فراہم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
تاہم، آبی ذخائر سے گاد نکالنا بھی احتیاط اور سائنسی تحقیق کا متقاضی ہے۔ دریائی رسوبات محض رکاوٹ نہیں بلکہ قدرتی ماحولیاتی نظام کا اہم حصہ ہیں، جو زیریں علاقوں میں آبی حیات اور ماحول کے توازن کو برقرار رکھتے ہیں۔ 2022 میں سابق چیئرمین مرکزی آبی کمیشن بی کے متل کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے بھی بڑے پیمانے پر گاد نکالنے کو تکنیکی اور معاشی اعتبار سے ناقابلِ عمل قرار دیتے ہوئے صرف مخصوص مقامات پر سائنسی مطالعے کے بعد یہ کام کرنے کی سفارش کی تھی۔حکومت کو چاہیے کہ غیر قانونی کان کنی کے خلاف سخت کارروائی کے ساتھ ریت کے متبادل ذرائع بھی فروغ دے۔ ہر دریا اور آبی ذخیرے کی اپنی جغرافیائی اور ماحولیاتی خصوصیات ہوتی ہیں، اس لئے یکساں پالیسی کے بجائے مقامی حالات کے مطابق فیصلے ضروری ہیں۔ دریاؤں کی نگرانی، شفاف نظام اور ذمہ دار افسران کا احتساب بھی ناگزیر ہے۔
ترقی کے نام پر قدرتی وسائل کا بے دریغ استحصال دانش مندی نہیں۔ سڑکیں اور عمارتیں تعمیر کرنا ضروری ہے، مگر دریاؤں کا تحفظ اس سے بھی زیادہ اہم ہے، کیونکہ یہی دریا پانی، زراعت، حیاتیاتی تنوع اور انسانی زندگی کی بقا کا ذریعہ ہیں۔ ریت تعمیرات کے لئے ضروری ہو سکتی ہے، لیکن دریا زندگی کے لئے ناگزیر ہیں۔
دریاؤں کی ریت پر بڑھتا دباؤ