جنگ نیوز ڈیسک
جموں// ڈائریکٹر جنرل یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس انورا دھا گپتا نے 70ویں قومی اسکول گیمز انڈر 17 گرلز کرکٹ چیمپئن شپ سے قبل جموں و کشمیر کی ٹیم کی سرکاری وردی کی رونمائی کی۔ تقریب کھیل گاؤں نگروٹہ میں منعقد ہوئی۔
اس موقع پر انورا دھا گپتا نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے نظم و ضبط، عزم اور کھیل کے جذبے کے ساتھ مقابلوں میں حصہ لینے پر زور دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جموں و کشمیر ووشو اور تائیکوانڈو کے بعد کرکٹ چیمپئن شپ میں بھی کامیابی حاصل کرے گا۔
بعد ازاں منتظمین اور اسکول گیمز فیڈریشن آف انڈیا کے نمائندے نے ٹورنامنٹ کے مقابلوں کا شیڈول جاری کیا۔ چیمپئن شپ 15 سے 20 نومبر تک جموں میں منعقد ہوگی، جس میں ملک بھر کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔


