جنگ نیوز ڈیسک
کولگام// کولگام کے گورنمنٹ ڈگری کالج میں منعقدہ تین روزہ ویشو تہوار 2026 جمعہ کو ادبی، ثقافتی اور تجارتی سرگرمیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ تہوار میں کشمیری ادب، دستکاری، روایتی فنون اور مقامی تجارت کو فروغ دینے کے لئے مختلف پروگرام منعقد کیے گئے۔
آخری روز معروف ادیب ستیش ومل کے ساتھ ملاقات اور ’’کشمیری ادب: کل، آج اور کل‘‘ کے موضوع پر مباحثہ منعقد ہوا، جبکہ کل ہند مشاعرے میں ملک کے مختلف حصوں سے آئے شاعروں نے شرکت کی۔
تہوار کے دوران کاروبار، دستکاری، زراعت، باغبانی، نوجوانوں کی صلاحیتوں اور روزگار کے مواقع سے متعلق مذاکرے اور نمائشیں بھی منعقد ہوئیں۔ قدیم کشمیری اشیاء پر مشتمل گاؤں، مقامی مصنوعات کے اسٹال اور طلبہ کے ثقافتی پروگرام بھی توجہ کا مرکز رہے۔
اختتامی تقریب میں ڈپٹی کمشنر کولگام شہزاد عالم اور دیگر افسران نے ادیبوں، شاعروں، ماہرین اور شرکاء کو اسناد اعزاز اور شرکت کے سرٹیفکیٹ پیش کیے۔ ڈپٹی کمشنر نے تہوار کی کامیابی میں فنکاروں، دستکاروں، تاجروں، طلبہ اور عوام کے تعاون کو سراہا۔
’’اپنی وراثت کا جشن‘‘ کے عنوان سے منعقدہ اس تہوار کا مقصد ضلع کی ادبی، ثقافتی اور روایتی شناخت کو فروغ دینے کے ساتھ مقامی ہنرمندی اور کاروباری صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔


