جنگ نیوز دیسک
سرینگر/ ینگ ڈراماٹسٹس سوسائٹی ،وائی ڈی ایس سرینگر کی جانب سے اورعبد الاحد آزاد چیئر، کلسٹر یونیورسٹی سرینگر کے اشتراک سے12 نومبر 2026 کو نیو آڈیٹوریم امر سنگھ کالج سرینگر میں ’’تھیٹر اور میڈیا اسٹڈیز‘‘ کے عنوان سے ایک روزہ تھیٹر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیمینار کو جموں و کشمیر اکیڈیمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجز، محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ حکومت جموں و کشمیر اور لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا ،ایل آئی سی کا تعاون حاصل رہا۔تقریب میں کلسٹر یونیورسٹی سرینگر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مبین نے بطور مہمان خصوصی شرکتکی۔ امر سنگھ کالج سرینگر کی پرنسپل پروفیسر (ڈاکٹر) تہمینہ یوسف مہمان ذی وقار کے طور پر شریک ہوئیں۔ پروفیسر خورشید احمد تقریب کے خاص مہمان تھے، جبکہ پروفیسر سید ولایت حسین رضوی نے بھی بطور مہمان اعزازی شرکت کی۔
اس موقع پر عبد الاحد آزاد چیئر، کلسٹر یونیورسٹی سرینگر کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شائستہ احمد سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔سیمینار میں نامور تھیٹر شخصیات، ادیبوں، محققین، میڈیا ماہرین اور فنون لطیفہ سے وابستہ دانشوروں نے شرکت کی۔ مقررین نے تھیٹر اور ذرائع ابلاغ (ماس میڈیا) کے باہمی رشتے، تھیٹر کے بدلتے ہوئے اسالیب و جہات، اور فنون لطیفہ و ثقافتی ورثے کے فروغ میں میڈیا کے کردار پر اپنے قیمتی خیالات اور بصیرت افروز آراء کا اظہار کیا۔اس موقع پر ایک خصوصی تہنیتی تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں تھیٹر اور فنون لطیفہ کے تحفظ اور فروغ کے لئے نمایاں اور مخلصانہ خدمات انجام دینے والی ممتاز شخصیات کو ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔سیمینار کا ایک اہم اور خصوصی حصہ دو تھیٹر پیشکشیں تھیں۔
ینگ ڈراماٹسٹس سوسائٹی کی جانب سے ذہنی صحت کی بیداری پر مبنی ڈرامہ ’’گاش چُھ ممکن‘‘‘ پیش کیا گیا، جبکہ شیخ محمد حنیف اور ڈاکٹر سوہن لال کول کی تھیٹر پیشکش ’’نگیٹیو‘‘ نے پروگرام کو ایک فنکارانہ اور فکر انگیز جہت بخشی۔دونوں پیشکشوں کو حاضرین کی جانب سے بے حد سراہا گیا اور اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ تھیٹر سماجی بیداری، مؤثر ابلاغ اور تخلیقی اظہار کا ایک طاقتور ذریعہ ہے۔پروگرام کے اختتام پر ینگ ڈراماٹسٹس سوسائٹی کے سیکریٹری الطاف حسین مہمانوں، معاون اداروں، شریک فنکاروں، میڈیا نمائندوں اور سامعین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ سوسائٹی کے نائب صدر سید جاوید گیلانی اور صدر مشتاق بقال نے بھی تقریب سے وابستہ تمام افراد کی اجتماعی کاوشوں اور تعاون کا اعتراف کیا۔یہ سیمینار باہمی تبادلہ خیال، فکری مکالمے اور تھیٹر و میڈیا کے بدلتے ہوئے تعلق کو سمجھنے کے لئے ایک بامعنی پلیٹ فارم ثابت ہوا، جس نے کشمیری تھیٹر اور ثقافتی ورثے کے فروغ کے لئے ینگ ڈراماٹسٹس سوسائٹی کے عزم کی تجدید کی۔


