جنگ نیوز
نئی دہلی/ وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو نئی دہلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے مرکزی دفتر میں منعقدہ دیوالی ملن تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے صحافیوں سے ملاقات کی اور اپنے سیاسی سفر کے کئی دلچسپ واقعات بیان کیے۔
اس موقع پر مودی نے ذرائع ابلاغ کے ساتھ اپنے طویل تعلق اور صحافت میں آنے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں پریس ریلیز بھیجنے کے لئے فیکس مشین تلاش کرنا پڑتی تھی، جبکہ آج صحافت ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور انسٹاگرام ریلز تک پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے 1990 کی دہائی کے ابتدائی دور کا ایک واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ قومی سطح کی مختلف مہمات کے دوران وہ ذرائع ابلاغ سے رابطے کی ذمہ داری سنبھالتے تھے اور پریس ریلیز ارسال کرنے کے لئے فیکس مشین کی تلاش ایک معمول کا حصہ تھی۔
مودی نے 2001 میں گجرات کا وزیر اعلیٰ بننے سے قبل پیش آنے والا ایک دلچسپ واقعہ بھی سنایا۔ ان کے مطابق، صحافیوں کا ایک گروپ ان کے کمرے میں آیا اور انہیں مٹھائی تقسیم کرنے کے لئے کہا، کیونکہ وہ گجرات کے نئے وزیر اعلیٰ بننے والے تھے۔ دلچسپ بات یہ تھی کہ اس وقت انہیں اپنی نئی ذمہ داری کی اطلاع خود صحافیوں سے ملی تھی۔
وزیر اعظم نے حکومت کے سربراہ کی حیثیت سے اپنے 25 سالہ سفر کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے 7 اکتوبر 2001 کو گجرات کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا، جبکہ مئی 2014 میں ملک کے وزیر اعظم بنے۔
انہوں نے صحافیوں کی پیشہ ورانہ وابستگی اور ذمہ داریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تہواروں اور مشکل حالات میں بھی صحافی اپنی خدمات انجام دیتے ہیں۔ مودی نے اس موقع پر صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو دیوالی اور چھٹھ کی مبارکباد بھی پیش کی۔


