وزیر تعلیم شمیم فردوس نے نجی اسکولوں کی جانب سے مہنگی درسی کتابیں تجویز کرنے کے معاملے پر کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ان کے مطابق بعض نجی اسکولوں میں کتابوں کے ایک سیٹ کی قیمت8 سے 10روپے تک وصول کی جارہی ہے۔
وزیر تعلیم کا یہ بیان خوش آئند ضرور ہے، لیکن والدین اب محض یقین دہانیوں سے مطمئن ہونے والے نہیں۔ انہیں اعلانات نہیں بلکہ عملی کارروائی درکار ہے۔ہر نئے تعلیمی سیشن کے آغاز پر والدین کو نجی اسکولوں کی جانب سے مہنگی کتابوں، غیر ضروری اسٹیشنری اور دیگر اخراجات کے بوجھ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تعلیم، جو ہر بچے کا بنیادی حق ہے، رفتہ رفتہ ایک مہنگا کاروبار بنتی جارہی ہے۔ افسوس کہ اس معاملے میں والدین کی شکایات کے باوجود مؤثر نگرانی کا فقدان دکھائی دیتا ہے۔
وزیر تعلیم کو اب اجلاسوں اور بیانات سے آگے بڑھ کر نجی اسکولوں کا فوری معائنہ کرانا چاہیے۔ مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور سنگین یا مسلسل خلاف ورزیوں کی صورت میں ان کی منظوری تک منسوخ کی جائے۔ اس کے ساتھ تمام نجی تعلیمی اداروں کے لیے یکساں اور شفاف درسی کتابوں کی پالیسی نافذ کرنا بھی ضروری ہے۔
شمیم فردوس کے پاس یہ ایک اہم موقع ہے کہ وہ محض وعدوں کے بجائے عملی اقدامات کے ذریعے تعلیمی شعبے میں ایک مثبت مثال قائم کریں۔ والدین کو مالی استحصال سے تحفظ، طلبہ کو سستی تعلیم اور نجی اسکولوں کو یہ احساس دلانا ضروری ہے کہ تعلیم محض کاروبار نہیں بلکہ ایک اہم سماجی ذمہ داری ہے۔


