جنگ نیوز
نئی دلی/ دیوالی کے بعد قومی دارالحکومت دہلی میں فضائی آلودگی نے خطرناک صورت اختیار کرلی ہے۔ رواں سال دیوالی کے موقع پر فضائی معیار اشاریہ (اے کیو آئی) 376 تک پہنچ گیا، جو گزشتہ 5 برس کے دوران تہوار کے دن کی بلند ترین سطح ہے۔ پیر کی صبح بھی اے کیو آئی 371 ریکارڈ کیا گیا اور شہر شدید دھند اور اسموگ کی لپیٹ میں رہا۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق، آلودگی کی نگرانی کرنے والے 51 مراکز میں سے 14 نے شدید آلودگی کی سطح ریکارڈ کی، جبکہ 33 مراکز پر فضائی معیار انتہائی خراب رہا۔ دہلی ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی میں اے کیو آئی 439 ریکارڈ کیا گیا۔
سوئس ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق، پیر کی صبح دہلی میں پی ایم 2.5 کی مقدار عالمی ادارۂ صحت کی سالانہ مقررہ حد سے تقریباً 34 گنا زیادہ تھی۔ بوانہ، براری، جہانگیر پوری، سونیا وہار، پنجابی باغ، اوکھلا اور روہنی سمیت متعدد علاقوں میں آلودگی کی سطح شدید رہی۔
دوسری جانب، دیوالی کے موقع پر پٹاخے جلانے پر پابندیوں کے باوجود کئی علاقوں میں آتش بازی جاری رہی۔ انتظامیہ نے صرف مخصوص اوقات میں ماحول دوست پٹاخے جلانے کی اجازت دی تھی، تاہم خلاف ورزیوں کی شکایات بھی سامنے آئیں۔
ماہرین کے مطابق، گاڑیوں کا دھواں، دیوالی کی آتش بازی، پڑوسی ریاستوں میں پرالی جلانے کے واقعات اور ہوا کی سست رفتار آلودگی میں اضافے کی اہم وجوہات ہیں۔ فضائی آلودگی کے پیشگی انتباہی نظام نے آئندہ چند روز تک دہلی میں آلودگی کی سطح شدید رہنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
میری خبر میں اہم اعدادوشمار شامل کریںمیری خبر سے مبہم دعوے درست کریں


