غلام مصطفی جلگاؤں
غذا کے غیرت مند اور صابر باشندوں پر رب کی طرف سے ایک بار پھر آزمائش کا نیا دور شروع ہو چکا ہے۔ برسوں سے جاری اسرائیلی بمباری،مسلسل فوجی کاروائیوں اور ظالمانہ ناکہ بندی کے بعد شدید سردی اور طوفانی بارشوں نے ان کے نامساعد حالات کو مزید مشکل بنا دیا ہے ۔ بحر روم سے اٹھنے والے اس طوفان نے ان انسانوں کو ایک مرتبہ پھر بڑے امتحان میں ڈال دیا ہے جو پہلے ہی اپنا سب کچھ گوا کر عارضی خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ ایسے نامساعد حالات میں بھی وہ صبر و استقامت کا پہاڑ بن کر کھڑے ہوئے ہیں۔
گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران غزہ میں ہونے والی شدید بارش اور سیلاب کی صورتحال نے انتظامیہ اور امدادی اداروں کے ہوش اڑا دیے ہیں۔ حکومتی میڈیا آفس اور سول ڈیفنس کی ابتدائی رپورٹس کے مطابق، محض چند گھنٹوں کی موسلا دھار بارش کے نتیجے میں ستر ہزار (70000) سے زائد خیمے مکمل طور پر زیرِ آب آ چکے ہیں۔ یہ وہ خیمے تھے جو پہلے ہی اسرائیلی بمباری اور فوجی کارروائیوں سے اجڑے ہوئے لاکھوں بے گھر فلسطینیوں کا آخری سہارا بنے ہوئے تھے۔
بارش کا پانی اچانک خیموں کے اندر داخل ہو گیا، جس سے بستر، گدے، اور تن ڈھکنے کے کپڑے تک پانی میں بہہ گئے یا کیچڑ کی نذر ہو گئے۔ کئی مقامات پر خیمے اکھڑ چکے ہیں اور خواتین، معصوم بچے اور بزرگ سردی سے ٹھٹھرتے ہوئے پانی کے ریلوں کے درمیان مدد کے منتظر دکھائی دیے۔
میدانِ جنگ بنے اس خطے میں اس وقت انسانی المیہ اپنے عروج پر ہے۔ دیر البلح اور خان یونس سمیت مختلف علاقوں سے سامنے آنے والے مناظر دل دہلا دینے والے ہیں۔ ایک مقامی رہائشی الفت مجدوب نے روتے ہوئے بتایا: "یہ بارش کا پہلا دن ہے اور ہمارے خیمے ڈوب چکے ہیں۔ ہمارے پاس بچوں کو بچانے کا کوئی راستہ نہیں، گدے بھیگ چکے ہیں اور رات کہاں کٹے گی، ہمیں معلوم نہیں۔”
سول ڈیفنس کے محکمے کو ہزاروں کی تعداد میں ہنگامی مدد کی کالز موصول ہو چکی ہیں۔ طوفان کے دباؤ اور بارش کے باعث چند مخدوش اور پہلے سے خستہ حال مکانات کے حصے بھی منہدم ہو گئے ہیں، جس سے یہ خطرہ مزید بڑھ گیا ہے کہ اگر بارش کا یہ سلسلہ تھما نہیں تو جانی نقصان بھی ہو سکتا ہے۔ مالی نقصانات کا تخمینہ لاکھوں ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے، لیکن اصل نقصان انسانیت کا ہو رہا ہے جو بھوک، سردی اور بے بسی کی چکی میں پس رہی ہے۔
موجودہ اہل غزہ کی مجموعی صورتحال: کٹھن موسم اور امداد کا فقدان
اس وقت غزہ کے باسیوں کو دوہری جنگ کا سامنا ہے؛ ایک طرف برسوں کی ناکہ بندی، جنگ اور تباہی ہے تو دوسری طرف سردیوں کی آمد اور یہ طوفانی بارشیں ہیں۔
خوراک اور بنیادی ضروریات کا بحران: اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، اور خیموں میں موجود افراد کے پاس خشک راشن یا اسے پکانے کے ذرائع بھی ناپید ہوتے جا رہے ہیں۔
بیماریوں کا خطرہ: پانی کھڑا ہونے اور نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کے باعث وبائی امراض بالخصوص بچوں میں انفیکشن اور پیٹ کی بیماریوں کے پھیلنے کا شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
سرپوش کا فقدان: انسانی حقوق کی تنظیمیں بارہا خبردار کر چکی ہیں کہ عارضی خیمے اس شدید موسم کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ فوری طور پر کارواں، موبائل ہومز اور واٹر پروف خیموں کی اشد ضرورت ہے، لیکن سخت پابندیوں کے باعث امدادی سامان کی ترسیل اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔
غزہ کے یہ مظلوم باسی، جنہوں نے ہر قسم کے مظالم سہے اور اپنے پیاروں کی قربانیاں دیں، آج کھلے آسمان تلے شدید سردی اور کیچڑ میں اپنے بچوں کو سینے سے لگائے پروردگار کی نصرت کے منتظر ہیں۔
پوری دنیا کے مسلمانوں پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ اس مشکل گھڑی میں اپنے رب کے حضور عاجزی کے ساتھ دستِ دعا دراز کریں۔ کہ اللہ تعالی ان کی غیب سے نصرت و حمایت فرمائے۔


