جاوید جمال الدین
ممبئی/جنگ نیوز/انجمن اسلام آلانا انگلش ہائی اسکول نے 130ویں ہیرس شیلڈ بین المدارس کرکٹ ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری مرتبہ خطاب جیت لیا۔ 4 سے 6 نومبر تک ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن کے باندرہ کرلا کمپلیکس میں کھیلے گئے فائنل میں اسکول نے جنرل ایجوکیشن اکیڈمی کو شکست دی۔
حریف ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 154 رنوں پر آؤٹ ہوگئی۔ انوج سنگھ نے چار، جبکہ راج ویر سنگھ سروے اور آراو یادو نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں انجمن اسلام نے 9 وکٹوں پر 374 رن بنائے۔ عمر کھوٹے نے 156، آراو یادو نے 67 اور دیواشیـش گھوڑکے نے 39 رن اسکور کیے۔ دوسری اننگز میں جنرل ایجوکیشن اکیڈمی چار وکٹوں پر 70 رن ہی بنا سکی۔
انجمن اسلام کے صدر اور پدم شری ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر ظہیر آئی قاضی نے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پوری انجمن اسلام کی اجتماعی کامیابی ہے۔ انہوں نے پرنسپل رضوانہ ستارے، کوچز وحید شیخ اور عابد خان، اسکول انتظامیہ، تدریسی و غیر تدریسی عملے اور انجمن اسلام کے سی ای او کی کاوشوں کو بھی سراہا۔


