فلوریڈا: امریکی فوج نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ واشنگٹن ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق جانکاری فراہم کرنے پر دو کروڑ امریکی ڈالر (تقریباً 188 کروڑ روپے) انعام اور "ممکنہ متبادل رہائش” فراہم کی جائے گی، جب کہ دوسری طرف صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ تہران جنگ کو ختم کرنے کے لیے بے تاب ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ایکس) پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں، یونائیٹڈ اسٹیٹس سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے بتایا کہ محکمہ خارجہ کا ایک پروگرام، ‘ریوارڈز فار جسٹس’، "ایران کے جوہری پروگرام بشمول اس کی تنصیبات، آلات اور اس سے وابستہ اہلکاروں، جیسے کہ سائنسدانوں کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے پر دو کروڑ امریکی ڈالر تک کا انعام اور ممکنہ متبادل رہائش کی پیشکش کر رہا ہے
اس انعام کا اعلان اصل میں سال 1984 میں محکمہ خارجہ کے زیر انتظام قومی سلامتی کے انعامی پروگرام کے تحت کیا گیا ہے، تاکہ امریکی جانوں اور مفادات کا تحفظ کرنے والی خفیہ جانکاری کے لیے مالی مراعات فراہم کی جا سکیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے حفاظتی ضوابط کی تعمیل نہ کرتے ہوئے ایران نے ایجنسی کی جانب سے اہم آلات جیسے کہ سینٹری فیوجز وغیرہ کی نگرانی کرنے کی صلاحیت کو محدود کر دیا ہے۔ تاہم، یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کس قسم کی جانکاری فراہم کرنے پر 20 ملین ڈالر کا پورا انعام دیا جائے گا۔
محکمہ خارجہ نے کہا کہ "سال 2025 میں، بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی نے رپورٹ دی کہ ایران یورینیم کو 60 فیصد تک افزودہ کر رہا ہے۔ یہ سطح جوہری ہتھیار کے لیے درکار 90 فیصد افزودگی کے معیار سے محض ایک مختصر تکنیکی قدم کے فاصلے پر ہے۔ ایران واحد ایسا ملک ہے جو جوہری ہتھیار نہ رکھنے کے باوجود یورینیم کو اتنی اعلیٰ سطح تک افزودہ کر رہا ہے۔ ماہرین کا اندازہ ہے کہ اگر اس مقدار کو مزید افزودہ کیا جائے، تو یہ کئی جوہری ہتھیار بنانے کے لیے کافی ہو سکتی ہے


