جنگ نیوز
مرکزی کابینہ نے اگنی پتھ اسکیم کے تحت بھرتی ہونے والے اگنی ویروں کی مدت ملازمت میں 2 سال کی توسیع کی منظوری دے دی ہے۔ اس سے قبل ان کی خدمات کی مدت 4 سال مقرر تھی۔
نئی دہلی میں کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل این ایس راجہ سبرامنیم نے کہا کہ حکومت نے تمام اگنی ویروں کے لئے فوج میں خدمات جاری رکھنے اور مستقل شمولیت کے امکانات کا راستہ ہموار کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اگنی ویروں کا پہلا بیچ اپنی 4 سالہ مدت ملازمت مکمل کرنے کے قریب ہے۔ موجودہ نظام کے تحت 25 فیصد اہلکاروں کو میرٹ کی بنیاد پر مستقل فوج میں شامل کیا جانا تھا، جبکہ باقی 75 فیصد کو 4 سال بعد خدمات سے سبکدوش ہونا تھا۔
جنرل راجہ سبرامنیم کے مطابق نئی منظوری کے تحت باقی 75 فیصد اگنی ویروں کو مزید 2 سال تک خدمات انجام دینے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ اس فیصلے کا مقصد تربیت یافتہ افرادی قوت کو برقرار رکھنے اور اگنی ویروں کے لئے فوج میں مزید مواقع پیدا کرنا ہے۔


