جنگ نیوز
نئی دہلی/ بھارت نے امریکہ کی ریاست الینوائے کے شہر اورورا میں ہندو مندر پر مبینہ طور پر اجتماعی فائرنگ کی سازش کے معاملے پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ بھارتی برادری کے خلاف بڑھتے ہوئے نفرت انگیز جرائم اور نسلی امتیاز کی عکاسی کرتا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ بھارت اس واقعے کو انتہائی تشویش کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے امریکی حکام کی جانب سے ملزم کی گرفتاری اور قانونی کارروائی کا نوٹس لیتے ہوئے بھارتی شہریوں کی سلامتی اور تحفظ یقینی بنانے پر زور دیا۔
جیسوال نے کہا کہ امریکہ میں بھارتی برادری کے خلاف نفرت انگیز جرائم اور نسلی امتیاز کے بڑھتے واقعات پر تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔ بھارت نے امریکی حکام سے معاملے کی مکمل تحقیقات، ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔


